نئی دہلی 29 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹیم انڈیا کے ڈائرکٹر روی شاستری کا خیال ہے کہ ٹسٹ میچس کا نتیجہ اندرون تین یوم برآمد ہونا کوئی غلط نہیں ہے ۔ انہوں نے اس خیال کا بھی اظہار کیا کہ دہلی میں ہونے والے چوتھے ٹسٹ میں بھی جنوبی افریقہ کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ سیریز کا پہلا میچ موہالی میں اندرون تین یوم جیت لیا تھا ۔ دوسرے ٹسٹ میچ میں بھی ہندوستان نے ناگپور میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2 – 0 کی ناقابل شکست سبقت حاصل کرلی تھی ۔ دونوں ملکوں کے مابین چار میچس کی سیریز کھیلی جا رہی ہے ۔ جنوبی افریقہ ٹسٹ رینکنگ میں سر فہرست ہے ۔