حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) راجندر نگر علاقہ میں پیش آئے ایک واقعہ میں موٹر سیکل کی ٹکر سے ایک نوجوان ہلاک ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 19 سالہ محمد ابو طالب ولد محمد سبحانی جو طالب علم تھا، رحمت نگر بنڈلہ گوڑہ کا ساکن تھا ، وہ پلر نمبر 235 سے گزر رہا تھا کہ تیز رفتار موٹر سائیکل نے اُسے ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا اور دواخانہ منتقلی کے دوران فوت ہوگیا۔ اسی قسم کے ایک حادثہ میں موٹر سائیکل کی ٹکر سے ایک خانگی ملازم ہلاک ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 46 سالہ ایس راجو ساکن گاندھی نگر تانڈہ مہیشورم اپنے دوست کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ اچانک حادثہ کا شکار ہوگیا جس کے نتیجہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ پولیس مہیشورم نے ایک مقدمہ درج کرلیا۔ ایک اور واقعہ میں ونستھلی پورم علاقہ میں لاری کی ٹکر سے خانگی ملازم ہلاک ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ گوردھن ریڈی ساکن ہلز کالونی کل رات موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ اچانک تیز رفتار لاری نے اُسے ٹکر دے دی اور وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ پولیس ونستھلی پورم نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا۔