حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : شہر حیدرآباد و سائبر آباد کے علاقوں میں پیش آئے مختلف واقعات میں تین خواتین نے خود کشی کرلی ۔ ٹپہ چبوترا پولیس کے مطابق 22 سالہ صوفیہ بیگم جو نٹراج نگر جھرہ علاقہ کے ساکن محمد قادر کی بیوی تھی ۔ 22 جنوری کے دن شوہر سے جھگڑے کے بعد اس نے یہ انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اکثر میاں بیوی میں جھگڑا ہوا کرتا تھا اور قادر اپنی بیوی کو ذہنی اور جسمانی اذیت کا شکار بنارہاتھا ۔
وہ اپنی بیوی کے کردار پر شبہ کررہا تھا ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ جس سے دل برداشتہ ہو کر صوفیہ نے خود سوزی کرلی ۔ پہاڑی شریف پولیس کے مطابق 22 سالہ صبا بیگم جو پہاڑی شریف علاقہ کے ساکن غلام محمد کی بیوی تھی اس خاتون نے کل رات پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ تاہم اس خاتون کی خود کشی کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا ۔ فلک نما پولیس کے مطابق 45 سالہ سلمیٰ بیگم جو وٹے پلی علاقہ کی ساکن تھی یہ خاتون شادی خانوں میں کام کیا کرتی تھی اس خاتون نے 24 جنوری کے دن اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگالی اور کل رات دیر گئے فوت ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلیے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔