حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) کردار پر شبہ اور ناجائز تعلقات کے الزامات سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے شوہر کی ہراسانی سے دلبرداشتہ ایک دو خواتین کی خودکشی کے واقعات سائبرآباد کے علاقوں میرپیٹ اور ونستھلی پورم پولیس حدود میں پیش آئے۔ میرپیٹ پولیس کے مطابق 28 سالہ سگنا جو جلیل گوڑہ علاقہ کے ساکن چندریا کی بیوی تھی، اس خاتون پر اس کا شوہر اور سسرالی رشتہ دار ناجائز تعلقات کے الزامات عائد کرتے ہوئے اسے ہراساں کررہے تھے اور اذیت رسانی کا شکار بنارہے تھے جس سے دلبرداشتہ ہوکر خاتون نے کل نامعلوم زہریلی شئے کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی۔ جبکہ ونستھلی پورم میں مزید جہیز کے لئے ہراسانی کا شکار 28 سالہ سپنا نے خودکشی کرلی۔ سپنا ونستھلی پورم علاقہ کے ساکن بھرت کمار کی بیوی تھی جو راما گنڈم علاقہ کے ساکنان تھے۔ کل اس خاتون نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ اس کا لالچی شوہر مزید جہیز کے لئے اسے ہراساں کررہا تھا۔ حالیہ دنوں 50 ہزار نقد رقم اور تین تولے طلائی زیورات بھی دیئے گئے تھے اس کے باوجود خاتون کو ہراسانی کا سامنا تھا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے اور مصروف تحقیقات ہے۔