حیدرآباد /17 اگست ( سیاست نیوز ) والد کی موت سے دلبرداشتہ ایک اور خرابی صحت سے تنگ آکر دو جملہ تین افراد نے خودکشی کرلی ۔ یہ علحدہ واقعات میرپیٹ ، جگت گیری گٹہ اور چکڑپلی پولیس حدود میں پیش آئے ۔ میرپیٹ پولیس کے مطابق 25 سالہ رجنی کانت جو گرم گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا ۔ گذشتہ 6 ماہ سے ذہنی تناؤ کا شکار ہوگیا تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 6 ماہ قبل اس کے والد کی موت کا واقعہ پیش آیا ۔ جس کے بعد سے رجنی کانت غم میں ذہنی تناؤ کا شکار ہوگیا اور اس نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ جگت گیری گٹہ پولیس کے مطابق 40 سالہ کرشنا جو پیشہ سے مزدور تھا ۔ سرینواس نگر جگت گیری گٹہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔اس شخص کی صحت اکثر ناساز رہتی تھی اور صحت کے متعلق یہ شخص کافی پریشان تھا جس نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ چکڑپلی پولیس کے مطابق 43 سالہ سریندر جو دمل گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا ۔ جو پیشہ سے خانگی الیکٹریشن بتایا گیا ہے ۔ خرابی صحت سے یہ شخص کافی پریشان تھا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔