کراچی۔7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے تینوں طرز کی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں لیکن اس کے لئے مزید پورا موقع دیا جائے۔پہلی تر جیح پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لئے کھیلنا ہے لیکن ورلڈ کپ تک پاکستان کی کپتانی نہیں کرنا چاہتا۔وہ چیمپئنز لیگ میں شرکت کے بعد ہندوستان سے سیالکوٹ پہنچنے کے بعد میڈیا کو انٹر ویو دے رہے تھے۔ہوبارٹ ہری کنز کی نمائندگی کرتے ہوئے وہ کامیاب بیٹسمین رہے اور سیمی فائنل سے قبل ان کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے پانچ میچوں میں86کی اوسط سے172رنز بنائے۔آخری مقابلے میں 66رنز کی اننگز کھیلی۔32سالہ شعیب ملک نے کہا کہ پاکستان کے لئے چار سے پانچ سال تینوں طرز کی کرکٹ میں شرکت کرنا چاہتا ہوں۔تاہم اس کے لئے ٹیم انتظامیہ اور سلیکٹرز میرے ساتھ بیٹھیں اور مجھے پورا موقع دیں۔کیوں کہ ماضی میں میرا نمبر تبدیل کیا گیا اور مجھے پورا موقع دیئے بغیر باہر کردیا گیا۔بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر نے کہا کہ چیمپئنز لیگ میں میری کارکردگی اطمینان بخش رہی۔تاہم پاکستان کے لئے واپسی کی خواہش ہے۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیائی سیزن میں ایک مرتبہ پھر ہوبارٹ کی جانب سے کھیلوں گا۔میری تمام تر نیک خواہشات آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی سیریز میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہیں۔میں چاہتا ہوں کہ پاکستان ٹیم کے نئے کھلاڑی بہتر مظاہرہ کریں اور ٹیم ایک مرتبہ پھر جیت پر گامزن ہوجائے۔