تینوں طرز کی کرکٹ میں بنیادی تبدیلیوں پر غور

دبئی ۔4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی اجلاس کے دوران کھیل کی بنیادی تبدیلیوں پر غور کرتے ہوئے تینوں طرز کی بین الاقوامی کرکٹ کا بامعنی اور مقابلے سے بھرپور بنانے کیلئے نیا مجوزہ ڈھانچہ تخلیق کر لیا گیا جسے آئندہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آئی سی سی کا دو روزہ اجلاس دبئی میں ختم ہوا جس کے دوران اگرچہ بگ تھری کے معاملے کے علاوہ مالی تقسیم کا فارمولا اہمیت کا حامل تھا جس پر بورڈ اجلاس کے دوران مزید غور اور اس کے نفاذ کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کیلنڈر میں بنیادی تبدیلیوں پر غور کرتے ہوئے سرفہرست ایگزیکٹوز نے اس بات پر اتفاق کر لیا کہ کھیل کے تینوں طرز کو مسابقتی بنانے کی کوشش کی جائے اگر ان تجاویز کی منظوری مل جاتی ہے تو پھر 2019ء سے دو سال پر مشتمل ٹسٹ لیگ،13 ٹیموں پر مشتمل ونڈے لیگ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے علاقائی کوالی فکیشن کا طریقہ کار آزمایا جائے گا۔ دو روزہ اجلاس کے دوران آئی سی سی کے رکن ممالک کے چیف ایگزیکٹوز نے ٹسٹ،ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کو بین الاقوامی سطح پر بامعنی بنانے کی غرض سے ایک نیا ڈھانچہ تخلیق کیا اور پھر فیصلہ ہوا کہ ان تجاویز کو آئی سی سی بورڈ کے سامنے منظوری کیلئے پیش کیا جائے۔ یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ ان معاملات پر مزید بحث اسی اجلاس کے دوران کی جائے گی یا پھر انہیں اپریل میں ہونے والے آئندہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ آئی سی سی نے ٹسٹ کے علاوہ محدود اوورس کی کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی کو برقرار رکھنے کیلئے حالیہ چند برسوں میں کئی دلچسپ اور انقلابی تبدیلیاں کی ہیں، جن میں کچھ تبدیلیاں کامیاب رہیں جبکہ چند تبدیلیوں کو شائقین اور ماہرین کی جانب سے یکسر مسترد کیا گیا ہے۔