کویت سٹی۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کویت کی نیشنل آئیل کمپنی نے اپنے ایک جنوب مغربی تیل تنصیب میں تیل کے اخراج کے واقعہ کے بعد ہنگامی حالات کا اعلان کردیا ہے۔ البتہ جس تیل تنصیب میں تیل کا اخراج شروع ہوا ہے اس کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔ تیل کا اخراج اتوار کو شروع ہوا تھا جبکہ سرکاری کویت نیوز ایجنسی کی اطلاع کے مطابق تیل پجرنے کا واقعہ المقوہ تنصیب میں رونما ہوا ہے۔ کمپنی نے یہ وضاحت بھی کی ہے کہ کسی زہریلی گیس کے رسنے کا کوئی خطرہ موجود نہیں ہے البتہ یہ نہیں بتایا گیا کہ تیل کے کتنے بیارلس اخراج کی وجہ سے ضائع ہوگئے یا بہہ گئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ کویت اوپیک کا رکن ہے اور تیل پیدا کرنے والا ایک بڑا ملک تصور کیا جاتا ہے۔یو ایس انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق کویت روزانہ 2.7 ملین بیارلس خام تیل پیدا کرتا ہے اور دنیا میں تیل کے سب سے بڑے اور زیادہ ذخائر رکھنے میں اس کا نمبر چھٹواں ہے۔