تیل بالوں کیلئے ضروری…!

عام طور پر سر میں تیل ڈالنے کو بالوں کیلئے زیادہ مناسب خیال نہیں کیا جاتا، تاہم تیل بالوں کی حفاظت اور خوبصورتی کیلئے بہت ضروری ہے۔
تیل سے اگرچہ بالوں کو اپنی مرضی کا اسٹائیل دینا مشکل ہوجاتا ہے تاہم اس کا حل یہ نہیں کہ تیل لگایا ہی نہ جائے۔ ماہرین کے مطابق بالوں کیلئے سرسوں، ناریل یا زیتون کا تیل نہایت مفید ہے۔ ان سے نہ صرف بال صحت مند اور چمکداررہتے ہیں بلکہ یہ جلد میں جذب ہوکر بالوں کی جڑوں کو مضبوط کرتا ہے جس سے بال گھنے ہونے لگتے ہیں، عام طور پر نہانے کے بعد بالوں میں تیل لگانے کا رواج ہے تاہم اس کی بجائے نہانے سے قبل سر کا مساج زیادہ مفید ہے، اس کیلئے نہانے سے ایک گھنٹہ قبل تیل کا مساج کریں، مساج کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ تین چار چمچ تیل کو کسی برتن میں نکال کر ہلکا سا گرم کرلیں، اس کے بعد اس میں انگلیاں ڈبو کر انہیں بالوں کی جڑوں میں لگائیں اور آہستہ آہستہ مساج شروع کریں۔ تیل بالوں کو لگانے کی بجائے سر کی جلد میں لگانا چاہئے۔ پندرہ منٹ تک ہلکے ہاتھ سے سرکا مساج کریں، اس کے بعد اتنی ہی دیر تک بالوں میں موٹے دندانوں والی کنگھی ضرور چلائیں۔ اس سے سر کی جلد میں خون کا دوران تیز ہوتا ہے جو بالوں کیلئے بہت مفید ہے۔