برج ٹاؤن (باربادوس) 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش میں ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف بالآخر سیریز کے تیسرے اور آخری ٹوئنٹی 20 مقابلے میں پانچ رنز کی کامیابی حاصل کرلی ہے لیکن اِس کے باوجود میزبان ویسٹ انڈیز نے سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی ہے۔ سیریز میں شکست کے باوجود تیسرے مقابلہ میں انگلش کامیابی کے اصل معمار کریس جارڈن رہے جنھوں نے 4 اوورس میں 39 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے 166 رنز کے مطلوبہ نشانے کے تعاقب میں میزبان ٹیم کو 160/7 تک محدود رکھنے میں کلیدی رول ادا کیا حالانکہ میزبان کپتان ڈیرن سمی نے پھر ایک مرتبہ برق رفتار بیاٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 6 گیندوں میں 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل تسخیر 15 رنز اسکور کئے لیکن وہ دوسرے ٹوئنٹی 20 کی طرح اِس مقابلے میں اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کرسکے۔
سیریز میں بہترین مظاہرے پر سمی کو میان آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیاٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورس میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز اسکور کئے۔ انگلینڈ کے لئے اوپنر مائیکل لمب نے 40 گیندوں میں 63 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلش کھلاڑی مومن علی اور ڈیرن باگ نے لنڈل سیمنس کو رن آؤٹ کرتے ہوئے ٹیم کے لئے خطرناک ثابت ہورہے میزبان بیٹسمین کو آؤٹ کیا کیونکہ وہ 55 گیندوں میں 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 69 رنز بناچکے تھے۔ علاوہ ازیں دنیش رامدین نے 21 گیندوں میں 33 رنز اسکور کئے۔ ویسٹ انڈیز کے اوپنرس ڈیرن اسمتھ (0) اور چارلس (4) ٹیم کو بہتر شروعات فراہم نہیں کرسکے۔ قبل ازیں جارڈن نے 9 گیندوں میں 4 چھکوں کی مدد سے 27 رنز بھی اسکور کئے۔