حیدرآباد /19 فروری ( سیاست نیوز ) تیسری شادی کرنے کی کوشش کے دوران ایک دھوکہ باز کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ اس شخص کی حقیقت اس وقت آشکار ہوئی جب اس نے ایک مکان میں اپنی بیوی کے ساتھ محبوبہ کو رکھنے کی کوشش کی ۔ جبکہ اس کے خلاف شکایت اس کی دوسری بیوی کی بہن نے کی تھی ۔ کرانہ دوکانوں میں کام کرنے والے اس شخص نے اپنی دھوکہ باز باتوں میں لاکر دو شادیاں کرچکا تھا اور اب تیسری شادی کی کوشش میں تھا کہ پنجہ گٹہ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 26 سالہ ایویناش عرف ببلو جو میٹوگوڑہ علاقہ کا ساکن تھا ۔ امیرپیٹ اور آس پاس کے علاقوں میں واقع کرانہ دوکانوں میں ساز و سامان سپلائی کرنا اور چھوٹے کام کیا کرتا تھا ۔ چند سال قبل اس نے اپنی جعلسازی کا شکار بناکر ایک لڑکی سے محبت سے شادی کیا تھا ۔ اس خاتون کے تین بچے ہیں ۔ اس دوران اس نے اپنی قدیم محبوبہ سے رابطہ پیدا کیا اور اس کو اپنی چالاکی کا نشانہ بناکر اس لڑکی سے بھی شادی رچالی ۔ جوکہ پنجہ گٹہ بستی سے تعلق رکھتی ہے ۔ شادی کے بعد اس نے اس لڑکی کو اپوگوڑہ کے علاقہ میں رکھا تھا تین ماہ قبل اس نے دوسری شادی کی تھی ۔ پولیس کے مطابق ببلو نے حالیہ دنوں اپنی ایک اور محبوبہ سے رابطہ قائم کیا جو گاجووا کا علاقہ سے تعلق رکھتی ہے اور اس لڑکی کو بھی اپنی باتوں میں بہلا پھسلاکر اسے اپنے ساتھ شہر لے آیا اور اپوگوڑہ میں دوسری بیوی کے ساتھ رکھ دیا ۔ اس بات پر غور کرنے کے بعد شک و شبہ ظاہر کرتے ہوئے دوسری بیوی کی بہن نے پنجہ گٹہ پولیس سے شکایت کردی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کے بعد ایویناش عرف ببلو کو گرفتار کرلیا ۔