برج ٹاؤن ( بارباڈوس ) 29 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے آخری اور تیسرے ٹسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مستحکم موقف حاصل کرلیا ہے اور اس نے کھیل ختم ہونے تک تین وکٹس کے نقصان پر 123 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ اس طرح اسے جملہ 99 رنوں کی سبقت حاصل ہے ۔ قبل ازیں ویسٹ انڈیز کے بولرس کی اچھی بولنگ کے نتیجہ میں مہمان ٹیم کیلئے مشکلات پیش آئی تھیں لیکن چوتھی وکٹ کیلئے کین ولیمسن اور برینڈن مک کیولم نے 55 رنوں کی ناقابل شکست رفاقت نبھاتے ہوئے ٹیم کو مستحکم موقف دیا ۔ دونوں ہی بلے بازوں کو حالانکہ بولرس کے خلاف مشکلات پیش آئیں اور مواعق بھی ملے لیکن انہوں نے اچھا مظاہرہ کیا ۔ ولیمسن 58 رن بناکر اور مک کیولم 23 رن بناکر کھیل رہے تھے ۔ چوتھے دن میں اس ٹیم کو قدرے بہتر موقع مل سکتا ہے اگر وہ ایک اچھا اسکور کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 317 کے اسکور پر آوٹ ہوگئی تھی اس طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم 24 رنوں سے پیچھے تھی ۔
ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر کیمر روچ نے دونوں ہی اوپننگ بلے بازوں کو جلدی جلدی آوٹ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو موقع فراہم کیا تھا ۔ روچ اب تک کیرئیر میں 98 وکٹس حاصل کرچکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹام لیتھم کوئی اسکور کئے بغیر آوٹ ہوگئے ۔ انہوں نے روچ کی گیند پر شاٹ کھیلا لیکن گیند ہوا میں گئی اور مڈ وکٹ پر کیچ آوٹ ہوگئے ۔ دوسرے بلے باز ہامش رتھر فورڈ بھی ہنوز فارم سے دور ہیں اور وہ 19 رن بناکر وکٹ کیپر رام دین کو روچ کی گیند پر کیچ دے بیٹھے ۔ جیسن ہولڈر نے جو ویسٹ انڈیز کیلئے پہلا ٹسٹ کھیل رہے تھے جہاں پہلی اننگز میں اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے 38 رنز بنائے تھے انہوں نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ انہوں نے راس ٹیلر کو پہلی آوٹ کردیا ۔ ٹیلر نے سکنڈ سلپ میں براوو کو کیچ دیدیا ۔ اسکے بعد ولیمسن اور مک کیولم نے ٹیم کو نقصان سے بچایا اور اسکور کو آگے بڑھانے میں اہم رول ادا کیا ۔