تیسرا ٹسٹ :انگلینڈ کے خلاف پاکستان کا ناقص مظاہرہ ‘ 234 پر آوٹ

کپتان مصباح الحق کی صبر آزما نصف سنچری ۔ جیمس اینڈرسن کو چار وکٹس ۔معین علی ‘ شامت پٹیل و براڈ کی بھی بہتر بولنگ

شارجہ ۔ یکم نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے خلاف جاری تیسرے ٹسٹ میں پاکستان نے ناقص بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور میچ کے پہلے دن اس کی ساری ٹیم 234 رنوں کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی ۔ انگلینڈ کی جانب سے اس کے اسٹرائیک بولر جیمس اینڈرسن نے شاندار بولنگ کی اور چار وکٹس حاصل کئے ۔ پاکستان ابتداء ہی سے مشکلات کا شکار رہا اور اس کے بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر جم نہیں سکے ۔ صرف کپتان مصباح الحق نے صبرآزما جدوجہد کی اور نصف سنچری بنائی تھی ۔ دوسرے بلے بازوں میں کچھ حالانکہ وکٹ پر جم گئے تھے اور جب ان سے بڑے اسکور کی توقع کی جا رہی تھی وہ آوٹ ہوگئے ۔ آج صبح پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اس کی شروعات ناقص رہی جبکہ اوپنر اظہر علی صفر کے اسکور پر اینڈرسن کی گیند پر بیرسٹو کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے ۔

دوسرے اوپنر محمد حفیظ بھی زیادہ دیر ٹک نہیں سکے بلکہ 27 رن بناکر آوٹ ہوگئے ۔ معین علی کی گیند پر اسٹیورٹ براڈ نے ان کا کیچ لیا ۔ نمبر تین پر شعیب ملک نے وکٹ سنبھالنے کی کوشش کی اور 38 رن بنائے تاہم اس وقت وہ اسٹیورٹ براڈ کی گیند پر بیرسٹو کو کیچ دے بیٹھے ۔ سینئر بلے باز یونس خان بھی زیادہ دیر ٹک نہیں سکے اور 31 رن بناکر اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔

ایک جانب سے کپتان مصباح الحق وکٹ سنبھالے ہوئے تھے اور جب جب موقع ملے رن بنا رہے تھے ۔ اسد شفیق صرف پانچ رن بناسکے ۔ شامت پٹیل کی گیند پر بئیرسٹو نے ان کا کیچ لیا ۔ سرفراز احمد نے کچھ دیر اپنے کپتان کا ساتھ دیا اور 39 رن بنائے ۔ انہیں معین علی کی گیند پر جو روٹ نے کیچ آوٹ کیا جبکہ وہاب ریاض صفر کے اسکور پر شامت پٹیل کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ یاسر شاہ کو اسٹیورٹ براڈ نے سات رن کے اسکور پر آوٹ کیا ۔ پٹیل نے ان کا کیچ لیا جبکہ راحت علی اینڈرسن کی گیند پر معین علی کو کیچ دے بیٹھے ۔ مصباح الحق کو بھی اینڈرسن نے آوٹ کیا ۔ روٹ نے ان کا کیچ لیا ۔ ذوالفقار بابر چھ رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن نے چار وکٹس لئے جبکہ معین علی ‘ شامت پٹیل اور اسٹیورٹ براڈ نے دو دو وکٹس لئے ۔ آج پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ نے اپنی جوابی اننگز میں کسی نقصان کے بغیر چار رن بنالئے تھے ۔ معین علی چار اور الیسٹر کک صفر پر کھیل رہے تھے ۔