تیسرا ٹسٹ: انڈیا نے انگلینڈ کو 203 رنز سے شکست دی

ٹرینٹ برج ، 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا نے انگلینڈ کے خلاف ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں کھیلا گیا تیسرا ٹسٹ میچ 203 رنز سے جیت لیا ہے۔ آج میچ کے آخری دن انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز شروع کی تو انڈیا کو جیت کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی۔ روی چندرن اشون نے جمی اینڈرسن کو میچ کے تیسرے ہی اوور میں اجنکیا راہانے کے ہاتھوں کیچ کرا کر انگلینڈ کی اننگز 317 رنز پر تمام کر دی۔ انگلینڈ کو یہ ٹسٹ میچ جیتنے کے لیے 521 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن گذشتہ روز 311 رنز پر اس کی نو وکٹیں گر چکی تھیں جن میں جوز بٹلر کی وکٹ بھی شامل تھی جو اپنی پہلی ٹسٹ سنچری مکمل کرنے کے بعد 106 رنز پر آؤٹ ہوئے تھے۔ انڈیا کی جانب سے جسوپریت بمرا سب سے کامیاب بولر رہے، انھوں نے 85 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ یہ ٹسٹ میچ کپتان ورات کوہلی کی ٹیم کی ایک اچھی واپسی ثابت ہوا جو اس سے پہلے دوسرا ٹسٹ میچ ایک اننگز سے ہار چکی تھی۔ لیکن ٹرینٹ برج پر ٹاس ہارنے کے بعد وہ مہمان ٹیم سے ہر لحاظ سے بہتر کھیلی اور بیٹنگ، بولنگ، کیچز اور نئے گیند کے استعمال تک ہر شعبے میں اچھی کارکردگی دکھائی۔ یہ انڈیا کی انگلینڈ کے خلاف انگلینڈ میں کھیلے گئے ٹسٹ میچوں میں صرف ساتویں کامیابی ہے۔ اس میچ سے پہلے انگلینڈ میں کھیلے گئے گذشتہ 11 میچوں میں انڈیا نے صرف ایک میچ جیتا تھا۔ اب عالمی نمبر ایک ٹیم نے دوبارہ اپنی فارم دکھائی ہے اور اس کے پاس ابھی بھی موقع ہے کہ وہ 2007 کے بعد انگلینڈ میں پہلی ٹسٹ سیریز جیت سکے۔ انگلینڈ کے وکٹ کیپر جانی بیئرسٹو ہاتھ کی انگلی ٹوٹ جانے کی وجہ سے شاید اگلا ٹسٹ میچ نہ کھیل سکیں۔ پانچ میچوں کی اس سیریز میں انگلینڈ کو اب دو ایک کی برتری حاصل ہے۔ چوتھا ٹسٹ میچ 30 اگست سے ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔