عام آدمی پارٹی ایک علاقائی پارٹی، بی جے پی قائد برائے اُمور اوڈیشہ چندن مترا کا بیان
بھوبنیشور۔ 5؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ 2014ء کے انتخابات سے قبل تیسرے محاذ کی تشکیل کی اُمیدوں کو ایک ’سراب‘ قرار دیتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا کہ پارٹی مرکز میں اسکامس سے داغدار کانگریس حکومت اور اوڈیشہ میں بی جے ڈی کو اقتدار سے بے دخل کردے گی۔ اوڈیشہ میں لوک سبھا یا اسمبلی انتخابات کے لئے کسی بھی پارٹی سے اتحاد کو انھوں نے مسترد کردیا۔ چندن مترا نے جو بی جے پی کے اُمور اوڈیشہ کے انچارج ہیں اور ایک سینئر قائد ہیں، کہا کہ تیسرے محاذ کی تشکیل کی اُمیدیں ایک سراب ہیں۔
یہ کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہوں گی۔ ماضی میں ایسے تجربے بُری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ اگر تیسرا محاذ قائم بھی ہوجائے تو کوئی بھی نہیں جانتا کہ اس کا قائد کون ہوگا؟ اناڈی ایم کے اپنے قائد کو وزیراعظم بنانا چاہتی ہے، ترنمول قائد ممتا بنرجی اور چیف منسٹر اوڈیشہ نوین پٹنائک وزارتِ عظمیٰ کے دن میں خواب دیکھ رہے ہیں۔ نئے محاذ میں خانۂ جنگی کی پیش گوئی کرتے ہوئے مترا نے کہا کہ ملک ایچ ڈی دیوے گوڑا اور اندر کمار گجرال زیر قیادت حکومتوں کا حشر دیکھ چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک گیر سطح پر مودی کی لہر چل رہی ہے اور کرپٹ اور غیر کارکرد نوین پٹنائیک حکومت کو اوڈیشہ میں اور اسکامس سے داغدار منموہن سنگھ حکومت کو دہلی میں اقتدار سے بے دخل کرنے کا یہ ایک سنہرا موقع ہے۔
عام آدمی پارٹی کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے چندن مترا نے کہا کہ یہ صرف ایک علاقائی پارٹی ہے جس کا دہلی سے باہر کوئی وجود نہیں ہے جب کہ نریندر مودی قومی ہیرو ہیں اور ملک گیر سطح پر ان کی لہر چل رہی ہے۔ شاہ کمیٹی رپورٹ کے مائننگ اسکام کے بارے میں افشاء پر سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اوڈیشہ میں غیر قانونی کانکنی بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ بڑے پیمانے پر کرپشن اور نوین پٹنائیک حکومت کے ربط کے بارے میں چندن مترا نے کہا کہ کانگریس میں ہمارے قابل ساتھی جو اوڈیشہ میں موجود ہیں، صرف اپوزیشن کو دھوکہ دے رہے ہیں کہ بی جے ڈی ملک کی قیادت کرنے کے قابل ہے جب کہ چیف منسٹر اوڈیشہ نے کبھی بھی کرپشن کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا۔