بیدر۔/3مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع بیدر میں چلنے والی موٹر گاڑیوں کی رفتار کا پتہ لگانے اور تیز رفتار موٹر گاڑیوں پر کنٹرول کرنے میں سہولت حاصل ہو، اس کیلئے راڈر سسٹم نصب کیا جائے۔ یہ ہدایت محکمہ ٹرانسپورٹ کے جنرل سکریٹری مسٹر پی این سرینواس چاری نے آج محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کو دی ہے۔ آج انہوں نے بیدر میں آر ٹی او آفس کا معائنہ کیا اور عہدیداروں کی میٹنگ منعقد کی۔ انہوں نے بتایا کہ راڈر نصب کرنے سے محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی بہت سہولت حاصل ہوگی۔ ضلع بیدر میں کن کن مقامات پر کون کونسی موٹر گاڑیاں کتنی تیز چلائی جاتی ہیں۔ اس بات کا راڈر کے ذریعہ پتہ لگایا جاسکتا ہے۔ اس سے پتہ چلے گا کہ موٹر گاڑیاں اگلے کس چیک پوسٹ حدود میں چلائی جاتی ہیں۔ موٹرگاڑیوں کا معائنہ کرکے مناسب کارروائی کرنا ممکن ہوسکتا ہے۔ ضلع بیدر میں راڈر سسٹم اندرون پندرہ دن نصب کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ ٹریفک قواعد کے تعلق سے معلومات فراہم کی جائیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے اس طرح کے کیمپ منعقد کئے جائیں ۔ضلع بیدر کے ہمناآباد روٹ سے جانے والی نیشنل ہائی وے نمبر 9پر حادثات کی روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت دی کیونکہ نیشنل ہائی وے نمبر 9پر خاص طور پر صبح کے اوقات میں زیادہ حادثات پیش آریہ ہیں اور صبح کے اوقات میں ہی موٹر گاڑیوں کا معائنہ کیا جائے تاکہ حادثات کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے۔ جنرل سکریٹری محکمہ ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ سٹی بسوں کے آغاز سے عوام کو زبردست فائدہ حاصل ہوا ہے۔ آنے والے دنوں میں سٹی بسوں کی تعداد میں اضافہ کرنے منیجنگ ڈائرکٹر شمالی کرناٹک روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن بیدر کو ہدایت دی۔ ضلع بیدر میں حادثات پر قابو پانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے تعلق سے رپورٹ پیش کی گئی ہے۔ بیدر میں آر ٹی او آفیسر میرا نے بتایا کہ حادثات پر قابو پانے کیلئے محکمہ کی جانب سے عوامی بیداری کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔