حیدرآباد۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) پہاڑی شریف کے علاقہ انعام گوڑہ میں آج آر ٹی سی بس مسافرین اس وقت بال بال بچ گئے جب ایک تیز رفتار لاری نے بس کو ٹکر دے دی۔ تفصیلات کے بموجب یہ واقعہ آج صبح 5:30 بجے انعام گوڑہ علاقہ میں اس وقت پیش آیا جب کلواکرتی سے حیدرآباد آنے والی آر ٹی سی بس کو مخالف سمت سے آنے والے لاری ڈرائیور ٹکر دے دی۔ انسپکٹر پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن پی لکشمی کانت ریڈی نے بتایا کہ آر ٹی سی بس ڈرائیور نے اس حادثہ سے بچنے کیلئے اچانک بریک بھی لگایا تھا لیکن لاری ڈرائیور کی لاپرواہی کے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ کے وقت آر ٹی سی بس میں جملہ 38 مسافرین سوار تھے جس میں 10 زخمی ہوگئے۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ لاری ڈرائیور راما کرشنا جس کا تعلق آندھرا پردیش کے ضلع گڑی واڑہ سے ہے، لاپرواہی سے گاڑی چلا رہا تھا۔ بس ڈرائیور بالا کشٹیا کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور زخمیوں کو علاج کیلئے دواخانہ منتقل کیا گیا ہے۔