تیز رفتاری، نشہ اور منتشر خیالات حادثات کے اسباب

کریم نگر میں روڈ سیفٹی ہفتہ کا اختتامی پروگرام، ڈسٹرکٹ جج ناگا ماروتی شرما کا خطاب
کریم نگر /25 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تیز رفتاری، نشہ اور ذہن منتشر ہونے کے سبب اکثر سڑک حادثات رونما ہوتے ہیں۔ زندگی کا لینا اور دینا خدا کے ہاتھ میں ہے، تاہم انسان کو جہاں تک ہوسکے احتیاط لازم ہے۔ یہاں کریم نگر ڈپو میں منعقدہ آر ٹی سی روڈ سیفٹی ویک پروگرام کے اختتام کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ جج ناگا ماروتی شرما نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ آر ٹی سی ڈرائیورس اور کنڈکٹرس مسافرین کے ساتھ انتہائی بہتر انداز میں پیش آئیں، تاکہ ادارہ بدنام نہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات صحیح ہے کہ کچھ ملازمین آر ٹی سی بد اخلاق اور بدتمیز ہوسکتے ہیں، تاہم سب کے سب ایسے نہیں ہوتے، اس لئے چند ملازمین کے غلط طرز عمل سے پورے ادارہ کو الزام دینا مناسب نہیں ہے۔ انھوں نے ان کے ساتھ پیش آئے ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے ایک چھوٹے بچہ کے ساتھ بس میں سفر کر رہا تھا، ایک جگہ بچہ کو ضرورت پیش آنے پر میں نے کنڈکٹر کو مطلع کیا اور بچہ کو باہر لے جاکر ضرورت سے فارغ کروانے کے بعد بس میں سوار ہوا۔ اس پر ڈرائیور نے غصہ سے کہا کہ بس کو اپنے باپ کی سمجھ لی ہے؟۔ میں نے بس سے اترتے وقت ڈرائیور اور کنڈکٹر کو اپنے گھر آنے کی دعوت دی اور کہا کہ اگر نہیں آؤ گے تو پولیس تمھیں لائے گی۔ جب وہ دونوں گھر پہنچے تو میں نے انھیں دس روپئے دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ کسی مسافر کے ساتھ اس طرح نہ پیش آنا، کیونکہ بسوں میں عام طورپر غریب اور متوسط طبقہ کے لوگ سفر کرتے ہیں اور ان کی خدمت کے لئے تمھیں تنخواہ دی جا رہی ہے۔ بس نہ میرے باپ کی ہے اور نہ تمہارے باپ کی ہے۔ پھر ایک عرصہ کے بعد جب میں بس میں سوار ہوا تو وہی ڈرائیور بس میں تھا، اس نے ایک مسافر کو نشست سے اٹھاکر مجھے اس نشست پر بٹھایا۔