تیراکی کے دوران ایک نوجوان پر مرگی کا دورہ

آمنگل یکم اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آمنگل کے قریبی علاقہ کپا گنڈلہ دیہات میں ایک 25 سالہ نوجوان راگھو یندرا تیراکی کے دوران مرگی کا دورہ پڑنے سے اچانک پانی کے اندر ہی بے ہوش ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے پانی کے اندر چلا گیا ۔ یہ نوجوان حیدرآباد میں ایک خانگی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا۔ اُگادی تہوار کی وجہ سے اپنے آبائی وطن دوستوں کے ساتھ عید منانے کیلئے آیا تھا۔ دوستوں کے اصرار کی وجہ سے سب مل کر تیرنے کیلئے اپنے گھر سے تھوڑی دور واقع باولی پہنچے اور تیراکی کے دوران راگھویندر پر غشی طاری ہوگی ۔انہوں نے اپنے دوست کو کنویں کے اندر سے نکالنے کی بہت کوشش کی لیکن ناکام ہوگئے ۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح سارے گاوں میں پہنچ گئی ۔ سارے لوگ کنویں کے پاس جمع ہوگئے گاوں کے سرپنچ کی اطلاع پر بھاری جمیعت کے ساتھ پولیس مقام پر پہنچ گئی۔ دو غوطہ خوروں کی مدد سے مسلسل تین گھنٹے تلاشی کے بعد نعش کو نکالا گیا ۔ پولیس کی کارروائی کے بعد نعش کو رشتہ داروں کے حوالے کیا۔ عید کے موقع پر سارا گاوں غم میں ڈوب گیا۔