پٹنہ ۔ 24 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) برسراقتدار جے ڈی یو نے آج آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو کی دستور بچاؤ یاترا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اجلاس میں خوفناک مجرموں نے شرکت کی ہے اور ان کی یاترا کے دوران مدد کرنے کیلئے ان کے ساتھ ہیں۔ تیجسوی یادو ممکن ہیکہ لالو پرساد یادو کو جیل سے رہا کروانے کی کوشش کررہے ہیں۔ جے ڈی یو کے ترجمان رکن ریاستی کونسل میرٹھ کمار نے تیجسوی یادو پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا میل جول اس یاترا کے دوران خوفناک مجرموں کے ساتھ ہوگیا ہے۔ گذشتہ اتوار کو تیجسوی یادو نے دستور بچاؤ یاترا کا آغاز کیا تھا اس پر تنقید ان خبروں کے بعد ہوئی کہ یادو خاندان کے ارکان نے سیوان کے محمد شہاب الدین سے ملاقات کی اور ہسٹری شیٹر سریش چودھری کے ساتھ گوپال گنج میں سیلفی لی جبکہ دستور بچاؤ یاترا جاری تھی۔ تیجسوی یادو کے ہمراہ یہ ہولناک مجرم بھی شامل تھے۔ سیوا ن کے سابق رکن پارلیمنٹ محمد شہاب الدین نے کل گوپال گنج میں ایک بدنام مجرم سریش چودھری سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ سیلفی لی۔ یہ تمام انصاف طلب کرنے کے اور دستور کو سربلند کرنے کے نام پر کیا جارہا ہے۔