نئی دہلی 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) تہواروں کے سیزن میں پیاز کی قیمتوں میں اضافہ کے اندیشوں کے دوران مرکزی وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ نے آج کہا کہ حکومت پیاز کی قیمتیں دوبارہ 80 تا 100 روپئے فی کیلو گرام ہونے نہ دینے کو یقینی بنائے گی۔ بارش کی آمد میں تاخیر کی وجہ سے خریف کی پیاز کی فصل میں بھی ایک ماہ کی تاخیر ہوئی ۔ مہاراشٹرا ،راجستھان اور مدھیہ پردیش میں پیاز کی خریف کی فصل ہوتی ہے ۔ اس میں تاخیر کی وجہ سے پیاز کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ۔ دہلی کے عوام جانتے ہیں کہ سابق حکومت پیاز کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے خوفزدہ تھی اب پیاز کی قیمت 25 تا 30 روپئے فی کیلو گرام ہے ۔ حکومت چوکس ہے اور اس میں اضافہ کی اجازت نہیں دے گی۔ وہ دہلی کے شعبہ کی سی آئی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر علحدہ طور پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی اور پیاز کی قیمت دوبارہ 80 تا 100 روپئے فی کیلو گرام ہونے نہیں دے گی جو صارفین کیلئے انتہائی تکلیف دہ ہے ۔ انہوں نے عوام سے دریافت کیا کہ گذشتہ سال پیاز کی قیمت اور اس کی موجودہ قیمت کا تقابل کریں تو انہیں معلوم ہوجائے گا کہ موجودہ حکومت پیاز کے علاوہ پھلوں اور ترکاریوں کی قیمت پر بھی قابو پانے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔