لاہور۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹسمین عمر اکمل نے فیصل آباد کے مقامی تھیٹر میں کسی بھی قسم کے جھگڑے کی تردید کرتے ہوئے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کی ذاتی زندگی میں دخل نہ دیں۔فیصل آباد میں جاری پاکستان کپ میں بلوچستان کی نمائندگی کرنے والے عمر اکمل ایک مرتبہ پھر اس وقت تنازعہ کا شکار ہو گئے جب اسٹیج ڈرامہ دیکھنے کے لئے جانے والے کرکٹر کی وہاں کسی بات پر تکرار ہو ئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمر اکمل، شاہد یوسف، اویس ضیا، محمد نواز اور بلاول بھٹی مبینہ طور پر اسٹیج ڈرامہ دیکھنے گئے تھے اور وہاں کسی بات پر ان کی انتظامیہ سے تکرار ہو گئی جبکہ معاملہ شدت اختیار کیا اور میڈیا پر آگیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل سے جب گزشتہ رات پیش آنے والے تنازعہ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میری کرکٹ اور کارکردگی پر بات کریں لیکن میری ذاتی زندگی اور خاندان پر بات نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ڈرامہ دیکھنے گیا تھا اور ڈرامہ دیکھنا کوئی بری بات نہیں، میں اکیلا گیا تھا لیکن میرا کوئی جھگڑا نہیں ہوا، میڈیا اسٹارز کو اس طرح سے منظرعام پر نہ لائے اور ان کا ساتھ دیں، غلط خبروں سے دنیا میں غلط تاثر جاتا ہے۔عمر اکمل نے کہا کہ میں حکومت پاکستان کے بنائے گئے قوانین کی پیروی کرتے ہوئے یہ سب کام کرتا ہوں، اگر میں قانون کی خلاف ورزی کرتا ہوں تو پاکستانی عوام اور حکومت کو پورا حق ہے کہ مجھے سزا دیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے پی سی بی نے طلب نہیں کیا اور نہ ہی تحقیقات ہو رہی ہیں، اگربورڈ نے طلب کیا تو ضرور جاؤں گا۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ عمر اکمل اس قسم کے کسی تنازعہ کا شکار ہوئے ہوں بلکہ اس سے قبل ان کے بارے میں خبریں آئی تھیں کہ وہ حیدرآباد میں مبینہ طورپر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ اسی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کو انگلینڈ کے خلاف ٹوئنٹی20 سیریز سے یہ کہتے ہوئے باہر کیا تھا کہ انھوں نے پاکستان کرکٹ اور پی سی بی کا نام خراب کیا۔