تھیم اور کائی نشکوری کی پیشقدمی

واشنگٹن ۔3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )سٹی اوپن ٹینس ٹورنمنٹ میں ڈومنیک تھیم اورکائی نشکوری تیسرے راونڈ میں پہنچ گئے۔ایک اور میچ میں امریکہ کے جیک سوک نے رومانیہ کے ماریس کوپل کو 7-6 اور 7-6 سے شکست دی۔ دوسرے راونڈ میں آسٹریا کے ڈومنیک تھیم کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ کے ہنری لاکسونن سے ہوا۔ ٹاپ سیڈ ڈومنیک تھیم نے 6-3 اور 6-3 سے میچ جیت کر ایونٹ میں پیش قدمی جاری رکھی۔ جاپان کے کائی نشکوری اور امریکہ کے ڈونالڈ ینگ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، نمبر دو سیڈ نشکوری نے 6-3، 4-6 اور 7-6 سے کامیابی سمیٹ کر تیسرے راونڈ میں رسائی حاصل کرلی۔

واورینکا سنسناتی اور مانٹریال ماسٹسرس سے دستبردار
زیورخ ۔3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )زخم میں مبتلا سوئس کھلاڑی اسٹینسلاس واورینکا رواں سال سنسناتی اور مانٹریال میں ہونے والے ٹینس ایونٹس سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ ان کی یو ایس اوپن میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا جہاں انہیں اپنے اعزاز کا دفاع کرنا ہے۔ انہیں گراس کورٹ سیزن کے دوران بائیں گھٹنے میں تکلیف ہوئی جس کے باعث وہ ومبلڈن میں روس کے ڈینیئل میڈیڈیو کیخلاف پہلے راؤنڈ میں ناکامی سے دوچار ہوگئے تھے۔ ان کے ہم وطن راجر فیڈرر نے مانٹریال میں آئندہ ہفتے راجرز کپ ٹینس ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔فیڈرر آخری مرتبہ اس ایونٹ میں 2014 میں شرکت کی تھی۔