نئی دہلی 12 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) آل انڈیا انا ڈی ایم کے کے مسٹر ایم تھمبی دورائی کا لوک سبھا کے ڈپٹی اسپیکر بننا یقینی ہوگیا ہے ۔ 67 سالہ تھمبی دورائی آج واحد امیدوار رہے جنہوں نے اس عہدے کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ۔ برسر اقتدار بی جے پی اور اپوزیشن کانگریس سمیت جملہ 11 جماعتوں نے ان کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ مسٹر دورائی پانچ مرتبہ کے رکن ہیں اور وہ ٹاملناڈو میں کرور حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کی پارٹی اپوزیشن میں کانگریس کے بعد دوسری سب سے بڑی جماعت ہے ۔ تھمبی دورائی ایسے وقت میں ڈپٹی اسپیکر منتخب ہونے والے ہیں جبکہ قائد اپوزیشن کے مسئلہ پر کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے اور کانگریس پارٹی یہ عہدہ حاصل کرنا چاہتی ہے حالانکہ اسے درکار تعداد سے کم ارکان کی تائید حاصل ہے ۔ مسٹر تھمبی دورائی کی جانب سے پرچہ نامزدگیوں کے جملہ 12 سیٹس داخل کئے گئے ہیں۔