تھامس اینڈاوبیر کپ کا 18 مئی کو آغاز ، سائنا توجہ کا مرکز

نئی دہلی۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لندن اولمپک میں ہندوستان کے لئے برانز میڈل حاصل کرنے والی سائنا نہوال اور تھائی لینڈ گرانڈ پری چمپین کے سری کانت 18 تا 25 مئی یہاں سری فورٹ اسپورٹس کامپلیکس میں کھیلے جانے والے تھامس اینڈ اوبیر کپ میں ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ 24 سالہ سائنا نہوال اوبیر کپ مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گی جبکہ عالمی درجہ بندی میں 18 ویں مقام پر فائز سری کانت تھامس کپ میں ہندوستانی اُمیدوں کا مرکز ہوں گے۔

مذکورہ مقابلوں میں جیسا کہ کسی بھی اسکواڈ میں 10 کھلاڑیوں کی شمولیت کی اجازت ہے لہذا اکثر ٹیموں نے 4 سنگلز اور 6 ڈبلز کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں کا انتخاب کیا ہے۔ اوبیر کپ کی ٹیم میں سائنا نہوال کے علاوہ ورلڈ چمپین برانز میڈلسٹ پی وی سندھو، نیشنل گیمس کی چمپین ارون دھتی پنتوانے درجہ بندی میں 57 ویں مقام پر فائز تنوی لارڈ اور پی تلسی قابل ذکر ہیں۔ کامن ویلتھ گیمس کی گولڈ میڈلسٹ جوڑی جوالا گٹہ اور اشونی پونپا جنہوں نے حالیہ ایشین بیاڈمنٹن چمپین شپ میں برانز میڈل حاصل کیا ہے، وہ ڈبلز میں ہندوستان کی قیادت کریں گی۔