تھائی لینڈ اوپن ٹورنمنٹ : فائنل میں پی وی سندھو کو شکست

نئی دہلی۔ 15 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) تھائی لینڈ اوپن بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور سوپر 500 ٹورنمنٹ بنکاک میں ہندوستان کی پی وی سندھو کو فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ سندھو 2018 میں اب تک کوئی خطاب نہیں جیت پائی ہیں۔ انہیں فائنل میں جاپان کی نوزومی اوکوہارا کے خلاف 15-21, 18-21 سے شکست ہوگئی ۔ سندھو جاریہ سال تین ٹورنمنٹس کے فائنل میں پہونچی ہیں تاہم انہیں ایک بھی خطاب حاصل نہیں ہوسکا ہے ۔ سندھو اولمپکس کی سلور میڈلسٹ ہیں۔ آج کھیلے گئے فائنل مقابلہ میں سندھو ابتداء ہی سے مشکلات کا شکار رہیں جبکہ جاپانی اسٹار نے شروع سے میچ پر گرفت بنائے رکھی تھی ۔ درمیان میں حالانکہ سندھو نے کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ جاپانی کھلاڑی کو مات دینے میں ناکام رہیں۔ اوکوہارا نے ابتداء ہی میں 6-2 کی سبقت حاصل کرتے ہوئے سندھو پر دباؤ بنانے میں کامیابی حاصل کرلی تھی ۔ سندھو نے حالانکہ دو پوائنٹ حاصل کرکے اس فرق کو 4-6 کرلیا تھا لیکن اوکو ہارا نے اچھے کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور 11-8 سے سبقت بنائے رکھی ۔ اوکوہارا اپنے تیز رفتار اور بہترین شاٹس کے ذریعہ سندھو کو سنبھلنے کا موقع نہیں دے رہی تھیں۔ ہندوستانی اسٹار نے اپنے روایتی کھیل سے میچ میں واپسی کرنے کی کئی مرتبہ کوشش کی لیکن وہ اوکوہارا پر غلبہ حاصل نہیں کرپائیں۔ دوسرے گیم میں حالانکہ سندھو نے اچھی شروعات کی تھی اور 6-2 کی سبقت حاصل کرلی تھی لیکن اس وقت جاپانی اوکوہارا نے اپنے حواس پر قابو رکھتے ہوئے اچھا مظاہرہ کیا اور میچ میں واپسی کی ۔ سندھو نے حالانکہ بعد میں اس سبقت کو 11-9 تک پہونچا دیا تھا لیکن اوکوہارا نے ایک بار پھر اچھی مزاحمت کرتے ہوئے ہندوستانی اسٹار کو پیچھے چھوڑ دیا اور ایک موقع پر انہوں نے اسکور کو 17-14 تک کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔ سندھو نے یہاں مزاحمت کی اور اسکور 18-18 کرلیا تھا لیکن یہاں سے انتہائی اہمیت کے حامل تین پوائنٹس میں سندھو گرفت نہیں رکھ پائیں اور تینوں ہی پوائنٹ اوکوہارا نے جیت کر گیم جیت لیا اور خطاب اپنے نام کرگئیں۔