نئی دہلی / فیض آباد 11 جون (سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے سابق وزیر جیتندر سنگھ تومر سے جعلی ڈگری مقدمہ کے سلسلہ میں آج دوسرے دن بھی دہلی پولیس نے پوچھ تاچھ کی ۔ انہیں کل بہار لے جایا جائے گا تا کہ لا ڈگری کی تنقیح کی جاسکے ۔ دہلی پولیس کے ایک اعلی عہدیدار نے بتایا کہ تومر کو اے سی پی سطح کے عہدیداروں اور سات دیگر ارکان عملہ پر مشتمل ٹیم کی نگرانی میں بشونت سنگھ انسٹی ٹیوٹ آف لیگل اسٹیڈی کالج واقع منگیر اور بھاگلپور میں تلکاماجھی یونیورسٹی جس سے یہ کالج ملحق ہے ‘لے جایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تومر کی موجودگی میں ان کی ڈگری کی تنقیح کی جائے گی ۔ آج انہیں فیض آباد میں آر ایم ایل اودھ یونیورسٹی اور کے ایس سیکٹ پی جی کالج کے کیمپس لے جایا گیا۔ انہوں نے اس کالج سے بی ایس سی ڈگری حاصل کرنے کا دعوی کیا تھا ۔ یہاں ٹیچرس اور ادارہ کے عہدیداروں سے ان کی ملاقات کرائی گئی اور بیانات قلمبند کئے گئے۔ پولیس نے کہا کہ وہ اپنے کلاس روم‘ فزکس لیباریٹری اور واش روم کی نشاندہی میں ناکام رہے ۔