مسلم نوجوانوں کو تشدد اور شرپسندوں سے دور رہنے اور تقویٰ اختیار کرنے کی تلقین ، مسجد نمرہ میں شیخ حسین بن عبدالعزیز کا خطبہ ، 20 لاکھ خوش نصیبوں نے حج ادا کیا
مکہ معظمہ ۔ 20 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) اقطاع عالم کے 20 لاکھ خوش نصیب مسلم مرد و خواتین کو آج فریضۂ حج بیت اﷲ کی عظیم سعادت حاصل ہوگئی ۔ میدان عرفات پر آج احرام پوش حجاج کرام کا سفید سمندر دیکھا گیا جہاں بندگان خدا کی ایمانی حرارت ،موسم گرما کی شدت پر غالب آگئی اور سارے جبل رحمت پر روح پرور مناظر دیکھے گئے۔ مسجد نبوی صلی اﷲ علیہ وسلم کے امام ڈاکٹر شیخ حسین بن عبدالعزیز نے جبل عرفات کی مسجد نمرہ میں خطبۂ حج دیا۔ انھوں نے کہاکہ توحید الٰہی عظمتِ دین اسلام کی اصل بنیاد ہے۔ تما م انبیائے کرام نے توحید کا درس دیا اور توحید ہی فتح ، کامیابی و کامرانی کا واحد راستہ ہے ۔ شیخ عبدالعزیز نے اقطاع عالم کی ملت اسلامیہ کو یاد دلایا کہ تشدد کے خاتمہ کے ذریعہ انسانی معاشرہ کو پرامن بنانا مسلمانوں کی اہم مذہبی و سماجی ذمہ داری ہے ۔