حیدرآباد 31 جولائی (سیاست نیوز) توجہ ہٹاکر رقومات کا سرقہ کرنے والے ایک دھوکہ باز کو بھوانی نگر پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما محمد تاج الدین احمد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 41 سالہ عبدالرفیق عرف ابوبکر ساکن جہانگیر نگر تالاب کٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں پانچ مختلف وارداتوں میں ملوث ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ 9 جولائی کو جہانگیر آباد نوری نگر کے ساکن شیخ احمد نے پولیس میں ایک شکایت درج کرائی جس میں بتایا کہ ایک نامعلوم شخص اُن کی دوکان پہونچ کر چاول کے نمونے بتانے کیلئے کہا اور عمرہ جانے کی بات بتائی اور کہاکہ دو ہزار روپئے کے نوٹ لے کر چھوٹی کرنسی حوالے کرے گا۔ اسی طرح اس نے چاول کے دو تھیلے بھی حاصل کئے۔ شیخ احمد نے اپنے بھتیجے کے ہمراہ رفیق کے مکان کو چاول کے تھیلے روانہ کیا۔ اسی دوران دھوکے باز نے 50 ہزار روپئے کی رقم جوکہ 2 ہزار روپئے کے 25 نوٹوں پر مشتمل تھے، لے کر فرار ہوگیا۔ بھوانی نگر پولیس نے اطلاع ملنے پر اُسے حراست میں لے لیا اور تفتیش کے دوران اُس نے بتایا کہ وہ علاقہ سعیدآباد، بھوانی نگر، شاہ علی بنڈہ، نامپلی اور سائبرآباد کے علاقہ بالاپور میں اسی قسم کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہے۔ پولیس نے اس دھوکہ باز کے قبضہ سے ایک لاکھ 97 ہزار روپئے نقد رقم برآمد کرلی اور اسے عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔