حیدرآباد /17 مئی ( سیاست نیوز ) تلنگانہ حکومت نے ریاست میں تنہا زندگی بسر کرنے والی غریب خواتین کو سہارا دینے کے مقصد سے آسرا پنشن کے خطوط پر ماہانہ ایک ہزار روپئے تنہا خواتین کو پنشن فراہم کرنے کی مرتب کردہ اسکیم کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 21 مئی تک توسیع دی ہے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ حکومت نے ایسی تنہا زندگی گذارنے والی خواتین جن کے کوئی مالی وسائل نہ ہوں اور کوئی بھی ان کی دیکھ بھال کرنے والا نہ ہو ۔ انہیں ماہانہ ایک ہزا روپئے وظیفہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ تنہا زندگی بسر کرنے والی غریب خواتین سے وصول ہونے والی درخواستوں کی شہری علاقوں میں میونسپل عہدیداروں و ریونیو عہدیداروں اور منڈل سطح کے درخواستوں کی تحصیلدار ، ایم پی ڈی اوز و ولیج ریونیو آفیسرس مکمل تحقیقات کرکے اپنی رپورٹس ضلع کلکٹر کو پیش کر رہے ہیں اور 21 مئی کو درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ گذر جانے کے فوری بعد 24 مئی تک ضلع کلکٹرس منظورہ وظائف سے متعلق قطعی فہرست مرتب کرلیں گے اور منتخبہ خواتین کو وظیفہ کی منظوری سے متعلق احکامات (پروسیڈنگ ) 26 اور 27 مئی کو حوالہ کردئے جائیں گے اور 2 جون کو ریاست تلنگانہ کی یوم تاسیس کے موقع پر منتخبہ خواتین میں وظائف کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔