تنڈولکر21ویں صدی کے بہترین ٹسٹ کھلاڑی

ملبورن۔25جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے لجنڈری بیٹسمین سچن تنڈولکر کو کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائیٹ کی جانب سے منعقدہ آن لائن پول میں 21ویں صدی کا ’بہترین ٹسٹ کھلاڑی‘ قرار دیا گیا ہے ۔ سابق ہندوستانی کپتان کو cricket.com.au کے منعقدہ سروے میں 2000ء کے بعد سے 100بہترین ٹسٹ کھلاڑیوں کی فہرست میں سب سے زیادہ تعداد میں ووٹوں کے ساتھ اول پوزیشن حاصل ہوئی ۔ سری لنکا کے کمار سنگاکارا ووٹوں کی تعداد میں دوسرے نمبر پر ہیں ‘ جس کے بعد آسٹریلیا کے آڈم گلکرسٹ کی تیسری پوزیشن ہے۔ موجودہ طور پر انڈین پریمئر لیگ ( آئی پی ایل ) فرنچائیز ممبئی انڈینس کے ’ آئیکان‘ تنڈولکر نے 23فیصد ووٹ حاصل کئے جب کہ اس سروے میں 16000سے زائد شائقین حصہ لئے ۔ سنگاکارا کو 14فیصد ووٹ حاصل ہوئے ‘ جب کہ کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی ویب سائیٹ پر 2000ء کے بعد سے ٹاپ 100 ٹسٹ کھلاڑیوں فہرست جاری کی تھی ۔ تنڈولکر کو جو اپنا 200واں ٹسٹ کھیلنے کے بعد 2013ء میں انٹرنیشنل کرکٹ سبکدوش ہوگئے ‘ ٹاپ 10کی فہرست میں شامل ہونے والے واحد ہندوستانی کھلاڑی ہیںجب کہ اس گوشے میں چار آسٹریلیائی ‘ تین جنوبی افریقی اور دو سری لنکائی کرکٹرس ہیں ۔ 42سالہ تنڈولکر جو 100انٹرنیشنل سنچریاں بنانے والے واحد بیٹسمین ہیں ‘ انہیں ٹسٹ اور ونڈے انٹرنیشنل میچوں دونوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ٹاپ 10کے دیگر کھلاڑیوں میںچوتھے نمبر سے رکی پونٹنگ‘ ژاک کالیس‘ اے بی ڈی ویلئرس ‘ شین وان ‘ گلین مک گرا ‘ متیا مرلی دھرن اور ڈیل اسٹین شامل ہیں۔