تنڈولکر دیہی کیمپ میں نمایاں شخصیت ہوں گے

کوئمبٹور ، 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ آئیکان سچن تنڈولکر دیہی کھیل کود کے کل یہاں بڑے موقع پر جسے ’ایشا ریجونیشن کپ‘ کا نام دیا گیا ہے، سب سے نمایاں شخصیت ہوں گے۔ سوامی پربودھا، چیف کوارڈنیٹر، ایشا فاؤنڈیشن نے کہا کہ ماسٹر بلاسٹر مختلف ایونٹس کے بعض زمروں میں ٹروفیاں اور انعامات دیں گے۔ یہ کیمپ ایسی کوششوں کا حصہ ہے کہ دیہی عوام کو شراب اور سگریٹ نوشی کی لت سے دور کرتے ہوئے مختلف موضوعات پر آپس میں بامقصد تبادلۂ خیال کیلئے حوصلہ افزائی کی جائے۔ سوامی نے کہا کہ اس کیمپ کا یہ مقصد بھی ہے کہ سینئر لوگوں کو بے مقصد چہ میگوئیوں سے بچنے کی ترغیب دی جائے، کیونکہ ایسی باتیں بعض اوقات جھگڑوں کا موجب بن جاتی ہیں۔
سبروتو کپ فٹبال ٹورنمنٹ
نئی دہلی ، 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) زائد از 100 اسکول ٹیمیں جن میں بیرونی ملکوں کی سات شامل ہیں، سبروتو مکرجی فٹبال ٹورنمنٹ میں حصہ لیں گی، جو یہاں 10 ستمبر سے 16 اکتوبر تک منعقد کیا جائے گا۔ سبروتو مکرجی اسپورٹس ایجوکیشن سوسائٹی کے آرگنائزرز نے کہا کہ افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، جنوبی کوریا، سویڈن، برازیل اور یوکرین کی ٹیمیں اس سرکردہ اسکول فٹبال ٹورنمنٹ میں اعلیٰ اعزازات کیلئے مسابقت کریں گی۔ یہ ٹورنمنٹ عمر کے تین گروپوں میں کھیلا جاتا ہے جو بوائز انڈر 14، بوائز انڈر 17 اور گرلز انڈر 17 ہیں۔ پہلے زمرہ کیلئے انعامی رقم 2.5 لاکھ روپئے جبکہ دوسرے اور تیسرے کیلئے فی کس 3.5 لاکھ روپئے ہوگی۔ دریں اثناء وی این سنگھ کو بعداز مرگ کارنامہ حیات ایوارڈ دیا گیا، جو سبروتو کپ سے کئی برس وابستہ رہے۔