تنڈولکر’نسل کے بہترین کھلاڑی‘، محمد سمیع ابھرتے کرکٹر

ممبئی ، 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ کی مقبول ویب سائیٹ ’ای ایس پی این کرک انفو‘ کے سال 2013 ء کے ایوارڈز میں ہندوستانی بیٹسمن سچن تنڈولکر کو ’اس نسل کا بہترین کرکٹر‘ قرار دیا گیا ہے۔ ان ایوارڈز کا اعلان گزشتہ شب ممبئی میں ایک رنگا رنگ تقریب کے دوران کیا گیا۔ تنڈولکر کو رواں اور سابقہ کرکٹ کھلاڑیوں، اسپورٹس صحافیوں اور کمنٹیٹروں پر مشتمل 50 افراد کی ایک جیوری نے ’کرکٹر آف دا جنریشن‘ کے ایوارڈ کا مستحق قرار دیا۔ یہ ایوارڈ 1993ء سے 2013ء تک بیس سال کے عرصے پر محیط اس نسل کے عظیم ترین کرکٹ کھلاڑیوں کیلئے تھا اور اس میں تنڈولکر کا مقابلہ آسٹریلیا کے بولر شین وارن اور جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ژاک کالیس سے تھا۔ آسٹریلیا کے پیس بولر مچل جانسن کو ایشز میں بہترین کارکردگی پر 2013ء کیلئے ٹسٹ میچ کے زمرے میں ایڈیلیڈ میں 7/40 کو ان کی بہترین بولنگ قرار دیا گیا۔ ونڈے فارمٹ میں یہی ایوارڈ پاکستان کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 7/12 کیلئے دیا گیا۔ اس میچ میں آفریدی نے نمایاں بیٹنگ بھی کی تھی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 2009ء میں بھی آفریدی کو بہتریں ونڈے بولر کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق آفریدی نے کہا ، ’’مجھے وہ میچ یاد ہے کیونکہ مجھے چمپینس ٹروفی کیلئے منتخب نہیں کیا گیا تھا اور جارج ٹاؤن میں یہ میرا پہلا ’کم بیک‘ میچ تھا۔ میں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میں اس ایوارڈ سے خوش ہوں‘‘۔ آفریدی کی کارکردگی ونڈے کی دوسری بہترین بولنگ ہے۔ 2013ء کیلئے ٹسٹ اور ونڈے دونوں زمروں میں ہندوستان کے ترتیب وار شکھر دھون اور روہت شرما کو ایوارڈز دیئے گئے۔ شکھر نے موہالی میں آسٹریلیا کے خلاف 187 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ روہت کو بنگلور میں آسٹریلیا کے خلاف ونڈے میں ڈبل سنچری بنانے پر اس ایوارڈ کا مستحق قرار دیا گیا۔ روہت نے کہا : ’’میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں کیونکہ ونڈے میں ڈبل سنچری شاذونادر ہی لگتی ہے‘‘۔ ای ایس پی این کرک انفو کرکٹ ایوارڈز کا یہ ساتواں سال رہا۔ ہندوستان کے محمد سمیع کو سال کے بہترین شروعات کرنے والے کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اعداد و شمار کے تحت دیئے جانے والے یہ ایوارڈز جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ولیرس اور ڈیل اسٹین کو بالترتیب بیٹنگ اور بولنگ میں ملے۔