ممبئی ۔13مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر کرک انفو کی جانب سے دیئے جانے والے ایوارڈ ’کرکٹر آف دی جنریشن ‘ کی مختصر فہرست میں شامل کرلئے گئے ہیں جبکہ اس فہرست میں دیگر دو نام جنوبی افریقہ کے حالیہ سبکدوش ہونے والے آل راؤنڈر جیک کیلس اور آسٹریلیا کے افسانوی اسپنر شین وارن موجود ہیں ۔ مختصر فہرست میں ویسٹ انڈیز کے عظیم کھلاڑی اور سچن تنڈولکر کے ہم عصر لیجنڈ بیٹسمین برین لارا جگہ بنانے میں ناکام رہے ۔ مذکورہ ایوارڈ کل یہاں فاتح کھلاڑی کو دیا جائے گا اور یہ 1993 تا 2013ء کے درمیان بہترین مظاہروں کے عوض دیا جائے گا جب کہ یہ ایوارڈ کرکٹ ویب سائیٹ کی 20سالہ تقریب پر دیا جانا والا ایک خصوصی ایوارڈ بھی ہے
۔سچن تنڈولکر اپنے عہد کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں جنہوں نے ونڈے اور ٹسٹ میں بہترین ریکارڈس قائم کئے ہیں ۔ دوسری جانب شین وارن ایسے بولر ہیں جنہوں نے اس عرصہ میں غیرمعمولی مظاہرے کئے ہیں ۔ آل راؤنڈر کے شعبہ میں جیک کیلس کو گذشتہ دو دہوں کے دوران غیرمعمولی مظاہرے کئے ہیں جس کی بدولت بسااوقات ہمیشہ کے بہترین آل راؤنڈر گیری سوبرس کے ساتھ ان کے موازنہ کیا جارہا ہے ۔ برین لارا جو کہ ٹسٹ کرکٹ میں اعظم ترین انفرادی اسکور ناقابل تسخیر 400رنز اور متیامرلی دھرن کے نام سب سے زیادہ وکٹیں درج ہیں ‘ اس کے باوجود یہ کھلاڑی مختصر فہرست میں جگہ نہیں بناپائے ہیں ۔ گذشتہ نومبر کو سبکدوشی کے بعد سچن تنڈولکر کا کامیاب ترین 24سالہ کریئر ختم ہوا ہے ۔