موہالی ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شکھردھون جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف یہاں چوتھے ونڈے میں سنچری اسکور کی ہے اور اپنے فام میں واپسی کا اشارہ دیا حالانکہ وہ گذشتہ 6 ماہ سے سنچری اسکور نہیں کرپائے تھے اور ناقص فام کی وجہ سے پریشان تھے جس پر نہ صرف چاروں گوشوں سے ان پر تنقید کی جارہی تھی بلکہ ورلڈ کپ کے تناظر میں انہیں ٹیم سے باہر کرنے کا بھی مطالبہ زور پکڑ رہا تھا۔ دریں اثناء انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 143رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے فام میں واپسی کا اشارہ کیا ہے۔ سنچری کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تنقیدوں کا جواب نہیں دیتے اور اخبارات کا مطالعہ نہیں کرتے جس کی وجہ سے ان پر ہونے والی تنقید کے برعکس وہ خود کو پرسکون رکھنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ 33 سالہ دھون نے کہا کہ دباؤ سے نمٹنے کا آسان طریقہ یہ ہیکہ خود کو پرسکون رکھتے ہوئے اپنی توجہ ایک جانب مرکوز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اس وقت بہتر مظاہرہ کرتا ہوں جب میں پرسکون رہتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ فی الحال اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور فٹنس کے ساتھ ذہنی طور پر خودکو مضبوط بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔