تنقیدوں کی زد میں موجود امیش یادو کو بمراہ کی حمایت

وشاکھاپٹنم۔26 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے خلاف سیریز کا پہلا ٹی 20 گنوانے کے بعد امیش یادو شائقین کے نشانے پر آگئے ہیں لیکن ساتھی فاسٹ بولرجسپریت بمراہ نے تنقید سے گھرے یادو کا دفاع کیا ہے۔بمراہ نے کہا کہ کوئی دن ایسا بھی ہوتا ہے، جب آخری اوور میں بولنگ کی حکمت عملی کارگر نہیں ہو پاتی۔آسٹریلیا کے خلاف ابتدائی ٹی 20 کے آخری اوور میں امیش یادو 14 رنز کا دفاع نہیں کر سکے۔ وہیں بمراہ نے 19 ویں اوور میں شاندار بولنگ سے صرف دو رن دئے اور ہندوستان کو میچ میں واپسی کروائی۔اس سے امیش کو آخری اوور میں 14 رنز کا دفاع کرکے آسٹریلیا کو 127 رنز کے ہدف تک پہنچنے سے روکنا تھا۔امیش کے آخری اوور میں بارے میں پوچھنے پر بمراہ نے سینئر ساتھی کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ ایسا ہو جاتا ہے، کسی بھی حالات میں آخری اوور میں بولنگ کرنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے،یہ دونوں طرف جا سکتا ہے اورکبھی کبھار تو اس میں آدھے آدھے امکانات ہی ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آپ اپنا بہترین مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتے ہو اور آپ اپنی حکمت عملی میں واضح ہوتے ہو،کچھ دن تو یہ کارگر ہوتا ہے اور بہت دن یہ کامیاب نہیں ہو پاتا،اس کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے،ہم میچ کا اختتام اپنے حق میں کرنا چاہتے تھے لیکن یہ نہیں ہو سکا توکوئی بات نہیں۔ بمراہ نے کہا کہ ٹاس جیتنے کے بعد آسٹریلیا کے پاس یہ چیز فائدہ مند تھی کہ انہیں پتہ تھا کہ انہیں کیا کرنا ہے کیونکہ ان کے سامنے ہدف تھا، جبکہ ہندوستانی ٹیم اننگز کو مسابقتی اسکور بنانے میں لگی رہی۔ انہوں نے کہاکہ جب سامنے مقصد ہوتا ہے تو یہ تھوڑا سا مختلف ہوتا ہے، یہ چھوٹا مقصد تھا، اس وجہ سے ایک باؤنڈری لگانے کے بعد آپ زیادہ خطرے اٹھانے کی ضرورت نہیں تھی لیکن پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہم مشکل اسکور بنانے کی کوشش کر رہے تھے اس لیے شاید یہ تھوڑا مختلف تھا۔