کریم نگر۔/29اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تنظیم اہلسنت و جماعت ضلع کریم نگر کی ایک فعال تنظیم ہے اور اس کی ایک نمایاں اور علحدہ شناخت ہے جس کی وجہ سے کریم نگر کے تقریباً تمام امیدوار، صدر تنظیم جناب محمد افضل بیابانی رضوی سے رجوع ہوکر اپنے حق میں تائید کا مطالبہ کیا اور صدر تنظیم نے تمام سیاسی پارٹیوں کے انتخابی منشور کے جائزہ لینے کے بعد مناسب وقت پر تنظیم کی تائید کے اعلان کا تیقن دیا۔ لہذا تنظیم کا ایک ہنگامی اجلاس صدر تنظیم جناب محمد افضل بیابانی رضوی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں تمام سیاسی پارٹیوں کے منشور کا بغور جائزہ لیا گیا اور کافی غور و خوض کے بعد کانگریس کی تائید کا متفقہ فیصلہ کیا گیا کیونکہ مسلمانوں کیلئے سیاسی ریزرویشن کا کانگریس کے سوا کسی پارٹی نے تیقن نہیں دیا۔ بعض سیاسی پارٹیوں کے رہنما مسلمانوں کی ترقی کی بات تو کرتے ہیں مگر وہ قابل بھروسہ لیڈر نہیں ہیں۔ لہذا تنظیم اہلسنت ضلع کریم نگر اور انتظامی کمیٹی مسجد سواران مرکز اہلسنت یہ اعلان کرتی ہے کہ اسمبلی و پارلیمانی الیکشن میں کانگریس کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ تنظیم کے صدر جناب افضل بیابانی نے تنظیم کے تمام اراکین کو یہ ہدایت کی ہے کہ اپنے اپنے حلقہ میں کانگریس امیدواروں کے حق میں پولنگ کو یقینی بنائیں اور فرقہ پرست اور مفاد پرست عناصر کو شکست سے دوچار کریں۔ شرکاء اجلاس میں صدر تنظیم جناب محمد افضل بیابانی رضوی، جناب سید محی الدین قادری ایڈوکیٹ، جناب عبدالرحمن، جناب رحمت حسین قادری، جناب حمایت حسین رضوی، جناب مخدوم ضیاء الدین، جناب سید حبیب الدین حاجی، جناب عبدالرافع، جناب الیاس حسین، مولانا ابوالکلام مصباحی امام و خطیب سجد سواران، مولانا عبدالغنی رضؤی، حافظ گلزار حسین کے نام قابل ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر ارکان اور مصلیان مسجد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔