تنظیم اسلامی تعاون کا دورۂ وسطی جمہوریہ افریقہ

دبئی 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )اسلامی ممالک کے دنیا کے سب سے بڑے بلاک نے آج اتفاق کیا کہ اعلی سطح کا حقائق کا پتہ لگانے والا مشن وسطی افریقی جمہوریہ کو بھیجا جائے اور ایک خصوصی نمائندہ مقرر کیا جائے جو افریقی یونین اور اقوام متحدہ کے ساتھ مساعی میں ارتباط کرے گا ۔ تنظیم اسلامی تعاون(او آئی سی) کا یہ فیصلہ اس پس منظر میں سامنے آیا ہے کہ افریقی ملک کی مسلم اقلیت کو عیسائی ملیشیا والوں اور ہجوموں کی طرف سے خونریز اور سفاکانہ حملوں کا سامنا ہورہا ہے۔ او آئی سی نے یہ فیصلہ تنظیم کے ہیڈکوارٹرس واقع سعودی عرب میں منعقدہ ایمرجنسی میٹنگ میں کیاہے۔ زائد از 1000 افراد افریقی ملک میں اوائل ڈسمبر میں پھوٹ پڑنے والی فرقہ وارانہ لڑائی میں ہلاک ہوچکے ہیں اور لگ بھگ ایک ملین لوگ اپنے گھر بار چھوڑ کر 4.6 ملین آبادی والے ملک سے فرار ہوچکے ہیں۔