تنشق کے مسروقہ زیورات خریدنے والے دو افراد گرفتار

حیدرآباد۔ 4 فروری (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ تنشق جیویلرس میں پیش آئے سرقہ کی واردات میں ملوث دو سارقین کی پولیس تحویل میں تفتیش کے دوران سی سی ایس پولیس کو یہ پتہ چلا ہے کہ دو افراد نے مسروقہ طلائی زیورات خریدے تھے۔ پولیس نے آج کرشنا جیویلرس کوکٹ پلی کے مالک موہن لال سِروی اور سی چندرا شیکھر گوڑ کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ مذکورہ افراد نے تنشق جیویلرس کے سارقین جی آنند اور بی کرن کمار سے مسروقہ طلائی زیورات حاصل کئے تھے اور انہیں رہن رکھ کر نقد رقم فراہم کی تھی۔ پنجہ گٹہ پولیس نے تنشق جیویلرس کے سارقین کو اپنی تحویل میں لے تفتیش کی جس میں انہوں نے یہ انکشاف کیا کہ جیویلری شوروم سے مسروقہ طلائی زیورات موہن لال اور چندر شیکھر گوڑ کے پاس رہن رکھے گئے تھے۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران مزید اشیاء بھی برآمد کی ہے۔