تنشق جویلرس میں سرقہ پولیس کیلئے حیران کن

حیدرآباد۔/26جنوری، ( سیاست نیوز ) پنجہ گٹہ علاقہ میں واقع تنشق جویلرس میں پیش آئی سنسنی خیز سرقہ کی واردات میں سارقین کی جانب سے جملہ 5.97 کروڑ مالیتی طلائی زیورات کا سرقہ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ نقب زنی کے ذریعہ شہر کے پاش علاقہ اور پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن کے روبرو واقع تنشق جویلرس میں سارقین نے سرقہ کرکے حیدرآباد سٹی پولیس کو حیرت زدہ کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ تنشق جویلرس کے جنرل منیجر منی کندن نے اپنی شکایت میں پولیس کو بتایا کہ نقب زنی کے ذریعہ ہوئی سرقہ کی واردات میں پلین گولڈ آرنمنٹ، قیمتی نگینے اور دیگر طلائی زیورات کا سرقہ ہوا ہے اور مسروقہ مال کی مالیت 5.97کروڑ ہے۔ اس سنسنی خیز سرقہ کی واردات کی تحقیقات سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) کررہی ہے اور انہیں ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ تنشق جویلرس شوروم میں سرقہ کرنے والے سارقین کا تعلق بین ریاستی لٹیروں کی ٹولی سے ہے اور اس سلسلہ میں ممبئی، اتر پردیش کی پولیس کو چوکس کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تحقیقاتی عہدیدار سرقہ کے طریقہ کار پر اس لئے حیرت زدہ ہیں

چونکہ سارقین شوروم کے تین پلرس کے درمیان واقع دیوار میں نقب زنی کرتے ہوئے اندر داخل ہوئے اور داخلہ کے فوری بعد بجلی کا سوئچ بورڈ بند کردیا جس کے نتیجہ میں شوروم کی برقی سربراہی منقطع ہوگئی تھی۔ پولیس کو یہ بھی شبہ ہے کہ سرقہ سے قبل سارقین نے شوروم کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ جبکہ شوروم کے سی سی ٹی وی میں ریکارڈ شدہ ویڈیو میں یہ پتہ لگا ہے کہ سرقہ میں ملوث ایک سارق ایک پیر سے معذور ہے۔ اس کیس کی تحقیقات سٹی پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کی نگرانی میں کی جارہی ہے اور سی سی ایس پولیس تحقیقات میں شدت پیدا کرتے ہوئے شوروم کے سابق سیکوریٹی گارڈ و ملازمین کے علاوہ حال ہی میں داغ دوزی کا کام کرنے والے مزدوروں کی تفصیلات حاصل کررہی ہے۔ واضح رہے کہ پنجہ گٹہ میں واقع الوکاس جویلری شوروم میں سال 2006ء میں اسی قسم کی واردات پیش آئی تھی جس میں یہاں کی پولیس نے ممبئی کے مشہور و خطرناک مجرم ونود رامبولی سنگھ کو گرفتار کیا تھا اور اس کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرتے ہوئے اسے حیدرآباد منتقل کیا تھا۔ سی سی ایس پولیس کو شوروم کے سی سی ٹی وی، ویڈیو ریکارڈنگ کے علاوہ ہنوز کوئی سراغ ہاتھ نہیں لگا۔