اڈیلیڈ۔4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہیکہ دورہ آسٹریلیا میں ان کی توجہ حریف ٹیم کے کھلاڑیوں سے محاذ آرائی کے بجائے اپنے کھیل پر ہوگی۔ ہندوستانی ٹسٹ کرکٹ ٹیم ان دنوں آسٹریلیا میں ہے جہاں 4 ٹسٹ میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 6 دسمبر کو اڈیلیڈ میں شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے اہم کھلاڑیوں کو قابو کرنے کی حکمت عملی بنا رہی ہیں اور ہندوستانی کپتان میزبان ٹیم کی توجہ کا خصوصی مرکز ہیں۔ دونوں ملکوں کی سیریز کے دوران ہر بار تنازعات ضرور ہوتے ہیں لیکن اس مرتبہ کوہلی نے واضح کیا کہ وہ جارحیت کے موڈ میں نہیں ، سیریز میں ان کی ساری توجہ کھیل پر ہوگی اور وہ میزبان ٹیم یا اس کے کھلاڑیوں کے ساتھ کسی قسم کی محاذ آرائی میں کوئی دلچسپی نہیں لیںگے۔ ہندوستانی کپتان نے کہا کہ انہیں اچھے کھیل کے علاوہ کچھ اور ثابت نہیں کرنا اور وہ ماضی کے مقابلے میں اب کافی بدل گئے ہیں۔ پوری کوشش ہوگی کہ سیریز کے دوران ماحول خوشگوار رہے اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا جاتا رہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ واحد پریکٹس میچ میں دونوں ٹیموں کو بیٹنگ کا اچھا موقع ملا ہے ،چاہیں گے کہ اس سلسلہ کو ٹسٹ سیریز میں بھی آگے بڑھائیں۔ ٹیم کی بولنگ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا الیون544 رنز بنا نے میں کامیاب ہوئی لیکن تشویش کی کوئی بات نہیں اور بولرز جلد خود کو یہاں کی وکٹوں سے ہم آہنگ کرلیں گے ، با لکل مختلف موسم اور ماحول میں ہونے والے پہلے میچ میں ایسی کارکردگی زیادہ بڑا مسئلہ نہیں۔ پہلی مرتبہ ہندوستانی ٹیم کو اس سیریز میں پسندیدہ قرار دیا جا رہا ہے اور بال ٹمپرنگ تنازعہ کی وجہ سے اس وقت کے کپتان اسمتھ ، نائب کپتان وارنر اوربن کرافٹ سے محرومی کے بعدآسٹریلیا کافی کمزور نظر آرہی ہے۔