تمیم اور محموداللہ کی نصف سنچریاں، بنگلہ دیش 193/3

ڈھاکہ ۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) تمیم اقبال اور محموداللہ نے نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے زمبابوے کے خلاف یہاں دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن ٹیم کے مجموعی اسکور کو 193/3 تک پہنچایا ہے۔ اور دن کے اختتام پر بائیں ہاتھ کے بیٹسمین تمیم ناقابل تسخیر 74 رنز اسکور کرلئے ہیں جبکہ شکیب الحسن 13 رنز بنا کر تمیم کا ساتھ دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں محموداللہ نے 152 گیندوں میں 56 رنز کی اننگز کھیلی ہے جس میں 5 چوکے شامل ہیں۔ کپتان مشفق الرحیم نے ٹاس جیت کا پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن میزبان ٹیم کی شروعات ناقص رہی جیسا کہ اوپنر شمس الرحمن 18 گیندوں میں 2 رنز بنا کر جس وقت آوٹ ہوئے اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور صرف 6 رن تھا۔ مؤمن الحق اور تمیم اقبال نے دوسری وکٹ کیلئے 72 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی اور 78 رنز کے مجموعی اسکور پر مؤمن الحق کی 101 گیندوں میں 35 رنز کی اننگز کا اختتام ہوا جس میں انہوں نے 5 چوکے لگائے۔ محموداللہ اور تمیم اقبال نے تیسری وکٹ کیلئے 95 رنز کی پارٹنر شپ نبھاتے ہوئے ٹیم کیلئے بہتر شروعات فراہم کی۔ تمیم اقبال نے 250 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی انتہائی سست رفتار اننگز کھیلی ہے۔ زمبابوے کی ٹیم اس اعتبار سے بھی اپنے مظاہروں سے مطمئن ہے کہ اس نے میزبان ٹیم کو تیز رفتار بیٹنگ کا موقع نہیں دیا اور 90 اوورس میں صرف 193 رنز بنانے دیئے۔