تمام مذاہب کا احترام ، سچے ہندوستانی کی پہچان

کلواکرتی : کلواکرتی پولیس اسٹیشن میں گنیش اُتسو کے موقع پر کی مناسبت سے ذمہ داران شہریوں کی پیس کمیٹی کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا جہاں پر سی آئی بکشاپتی راؤ نے بتایا کہ کلواکرتی ایک پُرامن اور قومی یکجہتی کا گہوارہ رہا ہے ، جہاں پر مختلف مذاہب و طبقات کے رہنے والوں میں کسی بھی طرح کا کوئی بھید بھاؤ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے مذاہب کا ادب و احترام کرنا ہی ہمارے ملک کی شان ہے اور سچے ہندوستانی کی علامت ہے انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ کسی بھی فرد یا افراد کو گنیش اُتسو کے دوران مورتیوں کی ایستادگی سے لیکر وسرجن تک کسی بھی قسم کی غیراخلاقی و غیرقانونی چھوٹ نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اوقات نماز کا خیال کرتے ہوئے دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں ، مسجد ، چرچ ، درگاہوں کا احترام کرنے کی اپیل کی تاکہ کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس نہ پہنچے ، ایس آئی ویرا بابو نے کہا کہ نشہ کی حالت میں کسی کو بھی منڈپس کے قریب نہ آنے دیں ۔ اس موقع پر شہر کلواکرتی کے سیاسی ، سماجی اور مذہبی اور مختلف محکموں کے ذمہ داروں کمشنر بلدیہ محمد صابر علی ، ایم آر او شیام سندر ، محمد نعیم کونسلر ، سوریہ پرکاش ریڈی ، محمد فیروز خان ، محمد موسی خان ، ابھیلاش ریڈی و دیگر موجود تھے ۔

کاغذ نگر : کاغذنگر میں پولیس ڈپارٹمنٹ کے زیراہتمام امن کمیٹی کا اجلاس سرپور پیپر ملز کے کلب میں منعقد کیا گیا ۔ جس میں گنیش منڈپوں کے ذمہ داران کے علاوہ دیگر سیاسی قائدین اور سماجی تنظیموں کے ذمہ داران موجود تھے ۔ مسٹر سریش بابو DSP نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گنیش تہوار کے دوران لا اینڈ آرڈر کو برقرار رکھنا ضروری ہے ۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ مسٹر روی کمار سرکل انسپکٹر آف پولیس نے کہا کہ گنیش منڈپوں کے پاس ڈانس اور شراب نوشی سے پرہیز کرنا چاہئے ۔ شریمتی ودیاوتی میونسپل چیرپرسن ، ڈاکٹر دامودر پریسیڈنٹ روٹری کلب ، جناب عبدالوہاب نے بھی مخاطب کیا ہندو بھائی گنیش اُتسو منائیں گے ۔ اس موقع پر مسٹر اوم پرکاش تیواری ، جناب صدام حسین میونسپل وائس چیرمین ، مسٹر سمپت کمار ، لکچرر جناب عبدالرحیم صابری میونسپل کونسلر کے علاوہ دیگر سیاسی قائدین موجود تھے ۔

ایچوڑہ : ایچوڑہ مستقر پر واقع تحصیل آفس پر امن کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اس اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے سی آئی بوتھ نے گنیش منڈپوں کے ذمہ داروں سے کہا کہ گنیش منڈپوں کی تفصیلات پولیس کو دیں ۔ گنیش منڈپوں میں گنیش بھکتی کے گیت بجائے جائیں ۔ متنازعہ گیت و دیگر فلموں کے گانے نہ بجائیں ۔ ڈی جے سسٹم پر پابندی ہے اگر کوئی اس کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس پر سخت کارروائی کی جائیگی ۔ نشہ آور چیزوں کا استعمال نہ کریں جو کوئی حالت نشہ میں گنیش منڈپوں کے قریب نظر آئے اُسے گرفتار کیا جائیگا ۔ ایچوڑہ ایس آئی بی سنجو نے کہا کہ مقامی عوام امن کو برقرار رکھیں ، افواہوں پر دھیان نہ دیں ۔ ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا کام نہ کریں ۔ اگر کوئی مسئلہ ہو تو راست پولیس سے رجوع کریں۔ امن کی برقراری کا خاص خیال رکھیں ۔ اس موقع پر ایچوڑہ تحصیلدار موہن سنگھ نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر مقامی گنیش منڈپوں کے ذمہ داروں نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ اس پروگرام میں مقامی سیاسی ، سماجی ، مذہبی ذمہ داروں نے شرکت کی ۔

بیدر : امن بھائی چارگی کیلئے مشہور ضلع بیدر میں منائے جانے والے پروگرامس تمام کے تعاون عمل سے بغیر کسی مسئلہ پیدا کئے اب تک بہتر طریقہ سے منائے جاتے رہے ہیں ۔ اسی طرح گنیش تہوار بھی امن بھائی چارگی کے ساتھ منائیں ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر بیدر ڈاکٹر پی سی جعفر نے بتائی ۔ آفس میں منعقدہ امن کمیٹی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گنیش تہوار کے موقع پر ضلع بھر میں وسیع تر بندوبست کیا گیا ۔ سخت چوکسی اختیار کی گئی ہے جہاں بھی گنیش کی مورتی بٹھائی جاتی ہے وہاں 2 افراد کو پہرہ پر تعینات کرنے ڈپٹی کمشنر بیدر نے ہدایت دی ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس بیدر مسٹر سدھیر کمار ریڈی نے میٹنگ میں بتایا کہ گنیش بٹھائے جانے کے مقامات پر محکمہ پولیس کی جانب سے شب کے دوران طلایہ گردی میں اضافہ کیا جائے گا ۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ضلع پنچایت بیدر مسٹر اجول کمار گھوش ایلایشنل یس پی شریمتی جی سنگیتا موجود تھیں ۔ علاوہ ازیں مختلف سیاسی ، سماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے نمائندے میٹنگ میں شریک رہے ۔

نیالکل : نیالکل منڈل حدنور پولیس اسٹیشن میں امن کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی ۔ سرکل انسپکٹر رورل حد نور انجیلو نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیالکل منڈل امن و امان کا گہوارہ ہے ۔ یہاں ہندو مسلم بھائی چارگی سے زندگی گزارتے ہیں ۔ گنیش وسرجن کے موقع پر نیالکل منڈل کے تمام مواضعات میں سخت صیانتی انتظامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں مستقبل میں بھی برقراری امن کیلئے سماج کے تمام طبقات سے تعاون کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر صدر ٹی آر ایس پارٹی نیالکل منڈل پانڈورنگاریڈی ، بھاسکر ریڈی ، عبدالشکور ، بسوراج پاٹل ، منیرالدین ، الیاس پٹیل ، حسام الدین پٹیل ، محبوب علی اقلیتی سیل ٹی آر ایس پارٹی سرپنچ حد نور بھاگیما یم پی ٹی سی سرپنچس کے علاوہ تلگو اور اردو صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔