تمام فرقہ پرست پارٹیوں کو ہندوستان سے نکال باہر کروں گا: لالو

پٹنہ ۔ 23 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ووی ایچ پی لیڈر پروین توگاڑے اور بی جے پی لیڈر گری راج سنگھ کی جانب سے منافرت انگیز بیانات دینے پر آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے زبردست رد عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان بیانات سے ان لیڈروں کے ’’ بدصورت چہرے‘‘ سامنے آگئے اور اگر آر جے ڈی برسر اقتدار آئی تو وہ منافرت پھیلانے والی آر ایس ایس اور بی جے پی جیسی پارٹیوں پر امتناع عائد کردیں گے۔

اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی نے اقتدار حاصل کیا تو آر ایس ایس اور بی جے پی کے علاوہ ایس تمام پارٹیاں جو منافرت پھیلا رہی ہیں، ان پر امتناع کردیا جائے گا ۔ ان پارٹیوں کا کام ہی منافرت پھیلاتا ہے ۔ ہم ان تمام فسادیوں کو ہندوستان سے نکال باہر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گری راج کوئی لیڈر نہیں ہیں۔ بی جے پی صرف آر ایس ایس کے چہرہ کا نقاب ہے جس کے لئے ذریعہ ہندوستان میں فرقہ واریت اور فسطائیت کا پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔