بھینسہ ۔ 26 ۔ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ شہر کے گوپال راؤ ڈگری کالج میں سالانہ اسپورٹس ڈے تقریب منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے حلقہ اسمبلی مدہول جی وٹھل ریڈی نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ایم ایل اے مدہول نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا اس دور میں تمام طبقہ کے لوگوں کو بے حد ضروری ہے کیونکہ تعلیم کے ذریعہ ہی سماج میں موجود برائیوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔ انسان تعلیم کے ذریعہ ہی روشن مستقبل کی جانب گامزن ہوتا ہے ۔ لیکن تعلیم کے ساتھ کھیل کود بھی بے حد ضروری ہے کیونکہ کھیل کود کے ذریعہ طلباء کو ذہنی ورزش حاصل ہوتی ہے ۔ اس لئے طلباء تعلیم کے ساتھ کھیل کود کے میدان میں آگے آئیں خود کو ہر شعبہ میں ماہر بنائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح اسکولوں اور کالجوں میں کھیل کے دوران طلباء اپنی اندرونی صلاحیتوں کو اُجاگر کرتے ہوئے اعلی سطح کے مقامات پر اپنے کھیل کود کے مظاہرے کو پیش کرنے کا موقع حاصل کرسکتے ہیں اور حکومت کی جانب سے اعزاز حاصل کرتے ہوئے اپنے اساتذہ والدین اور مقام کا نام روشن کرسکتے ہیں ۔ اس لئے طلباء اپنی تعلیمی مصروفیات کو مکمل کرتے ہوئے شام کے اوقات میں کھیل کود کیلئے آگے آئیں ۔ بعدازاں جی وٹھل ریڈی نے کھیل کود کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات اور توصیف نامے تقسیم کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ڈگری کالج پرنسپال گوپال نے طلباء کی کارکردگی کی ستائش کی ۔ اور روشن مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کی خواہش کی ۔ اس موقع پر وائس پرنسپال راگھوناتھ ، ایم سی ٹی چیرمین ڈاکٹر ناگیش ، سولی رمیش ٹی آر ایس قائد کے علاوہ لکچررس اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔