ریاستی وزیر کرناٹک قمرالاسلام کا اظہار خیال
بیدر ۔ 21 ۔ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) الحاج قمر الاسلام وزیر برائے اقلیتی بہبود و میونسپل انتظامیہ کرناٹک سدرامیا وزیراعلی کے پیش کردہ سال 2014 – 15 کے بجٹ کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہیکہ انہیں توقع نہیں تھی کہ سدرامیا اقلیتوں سمیت دیگر تمام طبقوں کیلئے اتنا بہترین بجٹ پیش کریں گے ۔ انہوں نے ریاست کے عوام کو پھر سے دیوراج ارس کے دور کی سنہری یاد تازہ کروادی ہے ۔ بجٹ میں اقلیتوں کیلئے جہاں انہوں نے (800) کروڑ کا فنڈ مختص کیا ہے اس کے علاوہ انہو ںنے جو دیگر شعبوں کی اسکیمیں جاری کیں ہیں ان سے اقلیتوں کو تقریباً (11500) کروڑ کا فائدہ ہوگا ۔ جناب قمرالاسلام نے بتایا ہیکہ وزیراعلی نے ہاوزنگ اسکیم میں آشرائے مکانات اور دوسری اسکیمات کے تحت حاصل کردہ جن قرضہ جات کی معافی کا اعلان کیا ہے اس سے ایسے مکانات کیلئے قرضہ حاصل کرنے والے اقلیتی طبقہ کو بھی تقریباً (300) کروڑ کی راحت ملے گی ۔ وزیراعلی نے بجٹ میں یہ اعلان بھی کیا ہیکہ اقلیتی اور لسانی تعلیمی اداروں کے خالی عہدے بھرتی کرنے کی جانب خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ سابقہ حکومت میں نصابی کتابوں میں زعفرانی رنگ بھرنے کی جو سازش رچائی گئی تھی اس کے پیش نظر نصابی کتابوں کے مواد کا جائزہ لینے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دینے اور نصاب میں سماجی اتحاد ، اخلاقی قدروں ، اور پرسنالٹی ڈیولپمنٹ کی جانب توجہ دی جائے گی ۔ اور نصاب کو معیاری بنایا جائیگا ۔ 23 اضلاع میں ڈسٹرکٹ مائیناریٹی ویلفیر کے دفاتر قائم میں بقیہ (7) اضلاع میں بھی اس طرح کے دفتر قائم کئے جائیں گے ۔