تمام طبقات کو یکجا کرتے ہوئے صحتمند معاشرہ کی تشکیل پر زور

مسلم نوجوان ہنرمنداور بے پناہ صلاحیتوں کے حامل، گجرات میں عوام کا تحفظ ترقی کا ضامن : مودی
احمدآباد ۔ 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے چیف منسٹر نریندر مودی نے آج مسلم تجارتی نمائندوں کی ایک کانفرنس میں شرکت کے ذریعہ مسلمانوں تک رسائی حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے مساوات کو یقینی بنانے والا ترقیاتی ماڈل اختیار کرتے ہوئے سماج کے تمام طبقات میں اتحاد کے ساتھ صحتمند معاشرہ کی قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے عوام کے تحفظ و سلامتی، مساوات، ترقی و خوشحالی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ بی جے پی کے مردآہن نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں اور بی جے پی بھی اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن فرق یہ ہیکہ ان کی پارٹی (بی جے پی) عوام کو مقتدار بناتے ہوئے اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے۔ دریائے سابرمتی کے کنارے پہلی مرتبہ سہ روز مسلم تجارتی کانفرنس ’’امت بمنس‘‘ منعقد ہورہی ہے جس میں 50 سے زائد مسلم صنعتکار اسٹالس قائم کرتے ہوئے اپنی مصنوعات کی نمائش کررہے ہیں۔ کانفرنس منعقد کرنے والے مسلم تاجرین و صنعتکاروں نے سہ روزہ پروگرام کا عنوان ’’تجارت میں ہم آہنگی ۔ آئیے سب مل کر ترقی کریں‘‘ دیا ہے۔ نریندر مودی نے اپنے خطاب کے دوران گجرات کی ہمہ گیر ترقی کا تذکرہ کیا اور کہا کہ جدید صنعتکار اور صنعتکاری گجرات کا معیار اور ورثہ ہیں۔ اس نمائش میں حصہ لینے والوں کا تعلق آٹو موبائیل سے انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے مختلف صنعتی شعبوں سے ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ آج کے دور میں اس بات کی اہمیت نہیں ہے کہ کون کس طبقہ سے تعلق رکھتا ہے بلکہ اہمیت اس بات کی ہیکہ مسابقت کے ذریعہ ہم اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایک صحتمند معاشرہ صرف تمام طبقات کو یکجا کرتے ہوئے ہی تشکیل دیا جاسکتا ہے۔

اس مقصد کیلئے ایک ایسا ترقیاتی ماڈل اختیار کیا جائے جو مساوات کو یقینی بناتا ہے۔ نریندر مودی نے گجرات کی ترقی میں اس کی چار خصوصیات تحفظ و سلامتی، مساوات، خوشحالی اور حرکت کا تذکرہ کیا اور کہا کہ تمام سرکاری اقدامات میں ان اصولوں کو شامل کرتے ہوئے گجرات میں بلاامتیاز مذہب، ذات پات، رنگ و نسل سارے عوام کو ایک محفوظ اور باحفاظت زندگی فراہم کی گئی۔ مودی نے کہا کہ ترقی کے سفر میں مسلم خواتین کی شمولیت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’تمام سیاسی جماعتیں اقتدار چاہتی ہیں۔ بی جے پی بھی اقتدار کی خواہاں ہے لیکن ہم عوام کو بااختیار بنانے کیلئے اقتدار چاہتے ہیں‘‘۔ نریندر مودی نے کہا کہ ’’روزگار مانگنے والوں کے بجائے روزگار کے مواقع پیدا کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ کیا جانا چاہئے۔ اس مقصد کیلئے ہم اپنے نوجوانوں میں جدید صنعتکاروں کی صلاحیتیں ابھار رہے ہیں‘‘۔ گجرات کے چیف منسٹر نے کہا کہ مسلم نوجوانوں میں بھی بے پناہ صلاحیتیں ہیں اور کئی ہنر جانتے ہیں۔ ایسے مسلم نوجوان گجرات میں تجارت سے متعلقہ مختلف باہنر پیشوں سے وابستہ ہیں۔ نریندر مودی نے کہا کہ ’’ہمیں ان شعبوں کی نشاندہی کرنے کی ضرورت ہے جہاں مسلم نوجوانوں نے غیرمعمولی ہنرمندی اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر گجرات میں مسلم برادری کو بااختیار بنانے کیلئے ان کی حکومت کی طرف سے کئے گئے مختلف فلاحی اقدامات کا تذکرہ کیا۔

چیف منسٹر گجرات نے کہا کہ ’’پتنگ بازار‘‘ اس ریاست کے کئی غریب خاندانوں کی گذر بسر ایک اہم ذریعہ ہے۔ حالیہ عرصہ کے دوران گجرات میں پتنگ کا کاروبار 30-35 کروڑ روپئے سے بڑھ کر اب 700 کروڑ روپئے ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات گذشتہ کئی دہائیوں سے تاجرین کی ریاست کی حیثیت سے معروف ہے اور اس کے ساتھ اب وہ صنعتی وتیاری مرکز بھی بن رہا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ گجرات ملک میں کپاس پیدا کرنے والی ایک اہم ریاست ہے اور یہاں پارچہ کی تیاری کی صنعت پر مسلمانوں کا رویتی غلبہ رہا ہے اور یہ مسلمان اس شعبہ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ بہترین مسابقت کرسکتے ہیں۔ نریندر مودی نے حکومت گجرات کی قابل دسترس ہاؤزنگ اسکیم میں مسلم صنعتکاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ ’’جس حد تک ہم ترقی کے راستہ پر گامزن ہوں گے اس حد تک ہم سب کی خوشحالی ہوگی‘‘۔ نریندر مودی نے ’’سب کا ساتھ ۔ سب کا وکاس‘‘ کا نعرہ دہراتے ہوئے کہا کہ گجرات میں گذشتہ 10 سال کے دوران پرامن ماحول فراہم کیا گیا جو ریاست میں ہمہ گیر ترقی کا ضامن بنا ہے۔