تمام شہریوں کی مساویانہ خدمت کا عہد :مودی

ودودرا ۔ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی نے اپنی شاندار کامیابی کے بعد ملک کے تمام شہریوں کی یکساں و مساویانہ خدمت کیلئے خود کو وقف کردینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن تک رسائی حاصل کرتے ہوئے ملک چلانے کیلئے تمام جماعتوں اور قائدین سے تعاون طلب کیا ہے۔ نریندر مودی نے اپنے حلقہ انتخاب ودودرا میں عظیم الشان فتح ریالی سے 45 منٹ کے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت کسی ایک مخصوص جماعت کی نہیں ہوتی بلکہ ملک کے تمام عوام کی ہوتی ہے۔ نریندر مودی نے مزید کہا کہ ’’کسی حکومت کیلئے کوئی اپنا یا پرایا

اور کوئی پسندیدہ نہ پسندیدہ نہیں ہوتا‘‘۔ ان کے خطاب کے دوران پرجوش حامی زبردست نعرے لگا رہے تھے جن کا نریندر مودی نے 5.70 لاکھ ووٹوں کی ریکارڈ اکثریت سے اپنی کامیابی پر شکریہ ادا کیا۔ مودی نے دستور کی رو و منشاء کے مطابق چلانے کیلئے خود کو وقف کردینے کا عہد کیا اور کہا کہ ’’میری ذمہ داری ہیکہ ملک چلانے کیلئے میں سب کو اپنے ساتھ لے چلوں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ’’جمہوریت میں کوئی دشمن نہیں بلکہ مسابقت کنندگان ہوتے ہیں۔ انتخابات کے بعد مسابقت بھی ختم ہوچکی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس (ترقی) ہے‘‘۔

نریندر مودی کی کامیابی پر بالی ووڈ مسرور
ممبئی۔/16مئی، (سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے کو لوک سبھا انتخابات کے نتائج ظاہر ہونے کے بعد زبردست کامیابی ملی ہے وہیں بالی ووڈ نے بھی نریندر مودی کی کامیابی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے نیک شگون قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ مودی کی قیادت میں ایک نئے ہندوستان کا جنم ہوگا۔ انوپم کھیر، شیکھر کپور، پریتی زنٹا، آشا بھونسلے، کرن جوہر اور دیگر نے اپنے ٹوئیٹر پر مودی کو مبارکبادی کے پیغامات روانہ کئے۔ شیکھر کپور نے کہا کہ بالآخر خاندانی سیاست کا خاتمہ ہوا اور ایک نئے ہندوستان کا جنم ہوا جہاں سب کیلئے ترقی کے یکساں مواقع ہوں گے۔ آشا بھونسلے نے کہا کہ بالآخر ملک کو ایک ہندی بولنے والا وزیر اعظم مل گیا، جئے ہند۔ کرن جوہر نے بالکل فلمی انداز میں کہا کہ مودی کی کامیابی سال کا پہلا بلاک بسٹر ہے۔ ڈائرکٹر مدھر بھنڈارکر نے بھی مودی کو مبارکباد دی اور ہندوستانیوں کو ایک بہتر فیصلہ کرنے کی ستائش کی۔ انوپم کھیر جن کی اہلیہ کرن کھیرنے عام آدمی پارٹی کی گل پناگ اور کانگریس کے پون کمار بنسل کو شکست دی، نے کہا کہ اچھے دن آگئے ہیں۔ پریتی زنٹا نے کہا کہ اب ملک میں ایک مستحکم حکومت کا قیام عمل میں آئے گا۔