تمام سی بی آئی دفاتر کے باہر کانگریس کاآج احتجاج

آلوک ورما کی بازماموری کا مطالبہ ‘ وزیراعظم کو معذرت خواہی کرنا چاہیئے
نئی دہلی ۔25اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس ملک بھر میں تمام سی بی آئی دفاتر کے باہر جمعہ کو احتجاج منعقد کرتے ہوئے اس کے برطرف ڈائرکٹر آَلوک ورما کی بازماموری اور ممتاز تحقیقاتی ادارہ کے امیج کو تباہ کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی سے معذرت خواہی سے مطالبہ کرے گی ۔ تمام کانگریس جنرل سکریٹریز‘ اسٹیٹ یونٹ سربراہوں اور لیجسلیچر پارٹی قائدین کو ایک مکتوب میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اشوک گہلوٹ نے اُن سے کہا ہے کہ ملک بھر میں تمام سی بی آئی دفاتر کے باہر بی جے پی حکومت کے خلاف مظاہرے منعقد کئے جائیں ۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجے والا نے کہا کہ سینئر کانگریس قائدین قومی دارالحکومت میں سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن کے باہر احتجاج میں حصہ لیں گے ‘ جب کہ ریاستی قائدین اپنے خطوں میں مظاہروں کی قیادت کریں گے ۔گہلوٹ نے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ مودی ۔ شاہ جوڑی کی جانب سے سی بی آئی ڈائرکٹر کی غیرقانونی ‘ غیر دستوری اور غیر واجبی برطرفی میںہندوستان کو اور اُس کی ممتاز تحقیقاتی ایجنسی کو شرمندہ کیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم کو رافیل فوبیا ہوچلا ہے اور یہ خطرناک رافیل اسکام سی بی آئی کو تہس نہس کرنے کا موجب بنا ہے ۔ حکومت کے اس اقدام پر سخت اعتراضات کرتے ہوئے کانگریس ورکرس سی بی آئی دفاتر کے باہر مظاہرہ کریں گے ۔