تمام اسمبلی حلقوں سے انتخابی مقابلہ کرنے کودنڈا رام کا اعلان

محبوب نگر ۔ 19 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)آئندہ عام انتخابات میں تلنگانہ جنا سمیتی ریاست کے تمام 119 حلقوں سے مقابلہ کرے گی۔ یہ اعلان پروفیسر کودنڈا رام نے محبوب نگر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ وہ مستقر پر تلنگانہ جنا سمیتی کے دفتر کے افتتاح کیلئے آئے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرائی حکمرانوں کے دور میں تلنگانہ کے ساتھ شدید ناانصافیاں ہوئی تھیں جس کو دیکھ کر زبردست احتجاج کے ذریعہ تلنگانہ حاصل کیا گیا لیکن علیحدہ تلنگانہ میں بھی مسائل جوں کے توں ہیں۔ سماجی تلنگانہ کا خواب پورا نہ ہوسکا لہذا محبور ہوکر تلنگانہ جنا سمیتی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے ضروری ہو تو دیگر سیاسی جماعتوں کے تعاون سے سماجی تلنگانہ تعمیر کیا جائے گا اور تلنگانہ کے حصول میں جنہوں نے حصہ لیا ہے، ان تمام کو پارٹی اپنے ساتھ لے کر چلے گی۔ انہوں نے ٹی آر ایس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس جماعت میں تلنگانہ کے حامی کم اور مخالفین زیادہ ہیں۔ تلنگانہ کیلئے قربانیاں دینے والوں کیلئے ٹی آر ایس میں کوئی جگہ نہیں ہے، تلنگانہ جنا سمیتی تلنگانہ کے جہد کاروں کے ساتھ مکمل انصاف کرے گی۔